کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ مریضوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ۔ عمارت میں آتش فرو آلات ناکارہ
حیدرآباد 23 دسمبر: ( سیاست نیوز ) : مہدی پٹنم کے انکور اہاسپٹل میں آتشزدگی کے بعد علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ لب سڑک اس ہاسپٹل میں آگ لگنے سے افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا اور آتش فرو عملہ اور ڈی آر ایف ٹیمیں مقام حادثہ پہونچی ۔ ہاسپٹل سے مریضوں اور رشتہ داروں کو بہ حفاظت باہر نکالا گیا اور اسٹاف بھی محفوظ رہا ۔ عمارت کے بالائی حصہ میں آگ لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے ساری عمارت میں پھیل گئی ۔ پلر نمبر 63 کے قریب واقع ہاسپٹل میں آگ کے سبب ٹریفک جام ہوگیا اور فائر انجن گاڑیوں کو پہونچنے میں کافی مشکلات پیش آئی ۔ کہا گیا کہ عمارت میں فائر سیفٹی کا موثر انتظام نہیں ہے اور فائر سیفٹی آلات برائے نام ہیں ۔ ان کی غیر کارکردگی سے فائر سیفٹی عملہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس 6 منزلہ عمارت میں ہاسپٹل ہے باوجود اس کے حفاظتی انتظامات انتہائی ناقص ہیں ۔ عمارت کے اجازت نامہ پر بھی شبہات ظاہر کئے جارہے ہیں ۔ فائر سیفٹی عملہ کی بروقت چوکسی سے جانی نقصان نہیں ہوا ۔ واقعہ کی رپورٹنگ کیلئے پہنچے صحافیوں سے ایک شخص نے بدتمیزی کی جو خامیوں کی پردہ پوشی کی کوشش کررہا تھا ۔ اس پر پولیس سے بدسلوکی کا بھی الزام ہے ۔ ۔ ذرائع کے مطابق ایک بلڈر نے یہ عمارت سیاسی اثر و رسوخ سے بلا اجازت تعمیر کی ہے ۔ بلدیہ کی مجرمانہ خاموشی آج اس نتیجہ کا سبب بنی ۔ ہاسپٹل میں آگ کے وقت 35 مریض اور تیمار داروں کے علاوہ ہاسپٹل عملہ تھا ۔ مقامی عوام نے عمارت کے متعلق تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ع