مہلوک کسانوں کی ’اَنتم اَرداس‘ میں پرینکا کی شرکت

,

   

لکھنو:لکھیم پور کھیری میں 3 اکتوبر کو پیش آئے تشدد کے شکار کسانوں کی ’انتم ارداس‘ میں شرکت کرنے کے لئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی لکھیم پور پہنچیں۔ پرینکا گاندھی صبح تقریبا ساڑھے آٹھ بجے دہلی سے لکھنؤ ائیر پورٹ پہنچیں جہاں سے ان کا قافلہ لکھیم پور کے لئے روانہ ہوا۔ سیتا پور ٹول پلازہ پر کانگریس جنرل سکریٹری کے بھاری بھرکم قافلے کو سیکورٹی فورسز نے کووڈ پروٹوکول کا حوالہ دیتے ہوئے روکنے کی کوشش کی جس کے پیش نظر کانگریس کارکنوں اور پولیس کے درمیان نوک جھونک بھی ہوئی۔ آخر کار قافلے میں شامل کچھ گاڑیوں کو روک کر قافلہ آگے کے لیے روانہ کردیا گیا۔کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی انتم اَرداس کے مقام پر جب پہنچیں تو وہاں لوگوں کی بھیڑ جمع تھی۔ پرینکا گاندھی اسٹیج کی جگہ نیچے زمین پر لوگوں سے بیٹھ کر ہی کسانوں کی تقریر سنتی نظر آئیں۔ پرینکا گاندھی کے قافلے میں ریاستی کانگریس صدر وجئے کمار للو، رکن پارلیمنٹ دیپیندر ہڈا، نیشنل سکریٹری دھیرج گرجر بھی شامل تھے۔ تکونیا گاؤں میں ایک میدان میں اَنتم ارداس کی تیاری کی گئی تھی جس کی قیادت کسان لیڈر راکیش ٹکیٹ نے کی۔ آخری ارداس تقریب کے پیش نظر لکھیم پور کھیری میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ 3 اکتوبر کو تکونیا میں چار کسانوں کے کچلے جانے کے بعد تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ اس میں دو بی جے پی کارکن، ایک میڈیا نمائندہ اور گاڑی ڈرائیو کی موت ہوگئی تھی۔ کانگریس، ایس پی، بی ایس پی اور عآپ لیڈروں نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کلیدی ملزم مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا کی گرفتاری اور وزیر کی برخاستگی کا مطالبہ کیا تھا۔ آشیش مشرا تو فی الحال حراست میں ہیں اور ان سے پوچھ تاچھ جاری ہے، لیکن مرکزی وزیر مملکت کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔تمام اپوزیشن جماعتیں ان کی کابینہ سے برخواستگی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔