مہلوک گینگسٹر نعیم کے اثاثہ جات دو ہزار کروڑ سے زائد

   

بیرون ریاستوں میں بھی املاک کی نشاندہی ، تحقیقاتی ٹیم ایس آئی ٹی کی رپورٹ
حیدرآباد ۔ /17 اپریل (سیاست نیوز) بدنام زمانہ مہلوک گینگسٹر نعیم کی غیرقانونی سرگرمیوں کا پتہ لگانے کیلئے قائم کی گئی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم نے اس کے اثاثہ جات کا 2 ہزار کروڑ سے زائد ہونے کا پتہ لگایا ہے ۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس وائی ناگی ریڈی کی زیرقیادت 2016 ء میں نعیم کے انکاؤنٹر کے بعد اس کے اثاثہ جات اور غیرقانونی سرگرمیوں کا پتہ لگانے کیلئے ایس آئی ٹی قائم کی گئی تھی ۔ ایس آئی ٹی نے اپنی تحویل تحقیقات کے بعد یہ نتیجہ پر پہونچی ہے کہ نعیم نے شہر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے مختلف علاقوں پڑوسی ریاست آندھراپردیش ، چھتیس گڑھ ، گوا ، ممبئی میں اپنی ملکیتیں جمع کی تھیں ۔ ایس آئی ٹی نے اپنی تحقیقات میں اس بات کا واضح طور پر پتہ لگایا ہے کہ گینگسٹر نعیم نے اراضی معاملات کی یکسوئی کے ذریعہ 1019 ایکڑ اراضی غیرقانونی طور پر حاصل کرنے کا بھی پتہ لگایا ہے ۔ ایس آئی ٹی نے نعیم کی بیوی اور اس کے دیگر حامیوں کے خلاف 251 مقدمات درج کئے تھے جن میں 119 میں تحقیقات مکمل ہونے پر چارج شیٹ داخل کی گئی ہے اور 60 مقدمات ابھی بھی زیرالتواء ہے ۔ تحقیقاتی ٹیم نے دریافت کے دوران اس بات کا پتہ چلایا ہے کہ نعیم نے اپنی بیوی ، بہن اور دیگر رشتہ داروں کے علاوہ قریبی حامیوں کے نام پر سینکڑوں اراضیات ، فلیٹس وغیرہ بے نامی رجسٹر کروائے تھے ۔ نعیم کے انکاؤنٹر کے فوری بعد 210 متاثر افراد نے ایس آئی ٹی سے رجوع ہوکر نعیم کے ظلم و ستم اور جبراً اراضیات کی یکسوئی کی شکایت درج کروائی تھی ۔ اس کارروائی کے دوران ایس آئی ٹی کو پتہ چلا ہے کہ نعیم نے 29 عمارتیں ، دو کیلو سونا اور کئی کروڑ نقد رقم اپنے قبضے میں رکھی تھی ۔ جسے پولیس نے ضبط کرلیا ہے ۔ تحقیقاتی ایجنسی نے اپنی تحقیقات کے دوران یہ معلوم کیا ہے کہ گینگسٹر نے منصوبہ بند طریقے سے جبراً وصولی اور اغواء میں ملوث ہوتے ہوئے کئی ریاستوں میں جائیدادیں حاصل کی تھیں ۔ ایس آئی ٹی عنقریب اس رپورٹ کو حکومت کو پیش کرنے کی خواہاں ہے ۔ واضح رہے کہ خطرناک گینگسٹر نعیم کو گرے ہاؤنڈس پولیس نے اگست 2016 ء میں ضلع محبوب نگر میں ایک انکاؤنٹر میں مار گرایا تھا ۔