مہیلا کانگریس قائدین کی گورنر سوندرا راجن سے ملاقات

   

آر ٹی سی ملازمین کو انصاف دلانے گورنر کا تیقن
حیدرآباد۔ 27 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس مہیلا قائدین کے ایک وفد نے آج راج بھون میں گورنر ٹی سوندرا راجن سے ملاقات کی۔ پارٹی کی ترجمان اندرا شوبھن کی قیادت میں ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کے سیاسی حالات پر یادداشت پیش کی گئی۔ مہیلا کانگریس قائدین نے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے گورنر کو واقف کراتے ہوئے عوام کو انصاف دلانے کے لیے مداخلت کی اپیل کی۔ گورنر کو بتایا گیا کہ ریاست میں انسانی حقوق کمیشن اور ویمنس کمیشن قائم نہیں کیا گیا جس کے سبب عوام اپنے حقوق کے سلسلہ میں کسی بھی ادارے سے رجوع ہونے سے قاصر ہیں۔ گزشتہ کئی برسوں سے دونوں کارپوریشنوں کے صدور نشین کا تقرر نہیں کیا گیا۔ اس سلسلہ میں گورنر کو مداخلت کرنی چاہئے۔ آر ٹی سی ہڑتال کے سبب ملازمین اور عوام کو درپیش مشکلات سے واقف کراتے ہوئے اندرا شوبھن نے کہا کہ حکومت ملازمین کو ڈیوٹی پر رجوع کرنے سے انکار کررہی ہے۔ گورنر نے مہیلا کانگریس قائدین کو تیقن دیا کہ وہ آر ٹی سی ملازمین کو انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن مساعی کریں گے۔ آر ٹی سی ہڑتا کے مسئلہ پر گورنر نے تلنگانہ حکومت سے بات چیت کی۔ گورنر نے کہا کہ وہ ملازمین کے ساتھ ہیں اور انہیں فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں۔ کانگریس مہیلا قائدین کے مطابق گورنر نے آر ٹی سی اور دیگر اہم مسائل کی یکسوئی کے لیے مثبت قدم اٹھانے کا تیقن دیا ہے۔ وفد میں کے سدھارانی، سری دیوی، شیلجا، رما، روپا اور انورادھا سمیت دیگر قائدین شامل تھے۔