حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری(سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی تلنگانہ انچارج دیپا داس منشی نے سابق وزیر پی مہیندر ریڈی ، وقار آباد ضلع پریشد کی صدرنشین پی سنیتا مہیندر ریڈی ، سابق میئر بی رام موہن اور دیگر قائدین کی کانگریس پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔ پی سنیتا مہیندر ریڈی ، سابق میئر بی رام موہن اور ڈپٹی میئر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سی لتا شوبھن ریڈی نے گاندھی بھون پہنچ کر دیپا داس منشی سے ملاقات کی ۔ سابق رنگا ریڈی ضلع میں کانگریس پارٹی کے استحکام میں ان قائدین کا اہم رول رہے گا۔ دیپا داس منشی نے کہا کہ کے سی آر کی پالیسی سے ناراض بی آر ایس قائدین کانگریس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریاست میں کانگریس نہ صرف مستحکم ہوگی بلکہ لوک سبھا چناؤ میں زائد نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ اسی دوران ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے بھی بی آر ایس قائدین کا کانگریس میں استقبال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس کے مزید کئی قائدین کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ حامیوں کی کثیر تعداد کے ساتھ سنیتا مہیندر ریڈی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ 1