کے ٹی آر کی صدارت میں اجلاس ، جی ایچ ایم سی کے مجوزہ انتخابات کے پیش نظر حکمت عملی
حیدرآباد۔ 21 جنوری (سیاست نیوز) اصل اپوزیشن بی آر ایس پارٹی نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کی میئر گدوال وجئے لکشمی کے خلاف تحریک ِ عدم اعتماد پیش کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی سرینواس یادو کی قیام گاہ پر گریٹر حیدرآباد کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل کا ایک اجلاس کے ٹی آر کی صدارت میں منعقد ہوا جو تقریباً 2 گھنٹے جاری رہا۔ اس اجلاس میں مختلف اُمور پر غور کیا گیا۔ ساتھ ہی ساتھ آئندہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں بی آر ایس پارٹی کو کامیاب بنانے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈسمبر 2020ء میں جی ایچ ایم سی کے انتخابات منعقد ہوئے تھے جس میں بی آر ایس پارٹی نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی پر قبضہ کرلیا۔ اس وقت بنجارہ ہلز ڈیویژن کی نمائندگی کرنے والی بی آر ایس کی کارپوریٹر جی وجئے لکشمی کو میئر منتخب کیا گیا۔ وجئے لکشمی بی آر ایس پارٹی کے قائد ڈاکٹر کے کیشو راؤ کی بیٹی رہنے کی وجہ سے انہیں میئر بنایا گیا، لیکن سال 2023ء کے اواخر میں اسمبلی انتخابات منعقد ہوئے جس میں رائے دہندوں نے کانگریس پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ ریونت ریڈی کے چیف منسٹر بن جانے کے بعد ’’آپریشن آکرش‘‘ کے تحت بی آر ایس کے 10 ارکان اسمبلی، رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشو راؤ اور اُن کی بیٹی میئر جی ایچ ایم سی کانگریس پارٹی میں شامل ہوگئے۔ جس کے بعد سے بی آر ایس ، میئر حیدرآباد کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے پر غور کررہی ہے۔ جاریہ سال کے اواخر میں جی ایچ ایم سی کونسل کی میعاد مکمل ہورہی ہے جس کے پیش نظر بی آر ایس پارٹی جی ایچ ایم سی انتخابات پر اپنی توجہ مرکوز کرچکی ہے۔ اسی تناظر میں میئر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بی آر ایس پارٹی ، جی ایچ ایم سی میں اپنی عددی طاقت کے ساتھ تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا جائزہ لیتے ہوئے مزید کتنے ارکان کی ضرورت ہوگی، اس پر بھی غور کررہی ہے۔ ایکس آفیشیو (معاون ارکان) کے علاوہ مزید دیگر ارکان کی تائید حاصل کرنے پر بھی اجلاس میں غور و خوض کیا گیا۔ جی ایچ ایم سی انتخابات میں کانگریس کو صرف 3 ڈیویژنس پر ہی کامیابی حاصل ہوئی تھی، لیکن دوسری جماعتوں کے کارپوریٹرس کی کانگریس میں شمولیت کے بعد اس کی تعداد بڑھ کر اب 25 ہوگئی ہے۔2