میانمار فوج نے ماڈل اور اداکار کو گرفتار کرلیا

   

یانگون : میانمار میں سکیورٹی حکام نے فوجی حکومت پر تنقید کرنے والے ایک نوجوان اداکار، گلوکار اور ماڈل کو گرفتار کر لیا ہے۔ 24سالہ پینگ تاخون میانمار اور تھائی لینڈ کی مشہور شخصیت ہیں اور فیس بک اور انسٹاگرام پر ان کے دس لاکھ فالور ہیں۔ ایک فیس بک پوسٹ میں ان کی بہن کا کہنا ہے کہ آٹھ ٹرکوں پر پچاس کے قریب فوجی آئے اور ان کے بھائی کو اٹھا کر لے گئے۔ ان کی فیملی کے مطابق پینگ تاخون کچھ عرصے سے گھر پر بیمار تھے۔ حکام نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں کہاں لے جایا گیا ہے۔ میانمار میں حکام نے فوجی حکومت کی مخالفت کرنے والے سو سے زائد سرکردہ اداکاروں، فنکاروں اور ادیبوں کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔