امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکہ اب عالمی سطح پر انسانی بنیادوں پر بڑی مقدار میں امداد فراہم کرنے کی پوزیشن میں نہیں رہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے اس موقع پر دنیا کی مالدار اقوام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میانمار میں زلزلہ زدگان کی مدد کیلیے آگے بڑھیں۔ دنیا میں انسانی بنیادوں پر امدادی سرگرمیاں روکنے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے برسلز میں رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ امریکہ دنیا کی حکومت نہیں ہے۔ اس لیے ہم بھی انسانی بنیادوں پر اتنی ہی امداد دے سکتے ہیں جتنی امداد دوسرے لوگ دیتے ہیں۔ ایک ملک کے طور پر ہماری بھی بہت سی دوسری ضروریات ہیں۔ اس لیے ہمیں اپنی ضروریات اور عالمی سطح پر امداد دینے میں ایک توازن پیدا کرنا ہوگا۔ یاد رہے صدر ٹرمپ نے 90 دنوں کے وقفہ کے ساتھ حکم دیا تھا کہ امریکی امدادی ادارے ’ یو ایس ایڈ ‘ کو بند کیا جا رہا ہے۔