میاں پور میں ہوٹل منیجر کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا

   

ہوٹل کے سابقہ ملازم کا انتقام ، قاتل گرفتار
حیدرآباد /24 اگست ( سیاست نیوز ) سائبر آباد کے علاقہ میاں پور میں ایک شخص کو گولی مار کر قتل کردیا گیا ۔ کل رات دیر گئے پیش آئی اس واردات سے علاقہ میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی ۔ متوفی کی شناخت دیویندر گیان کی حیثیت سے کرلی گئی ۔ جو ایک رسٹورنٹ کا منیجر تھا ۔ پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے قاتل کو بھی گرفتار کرلیا جو اسی رسٹورنٹ کا سابق ملازم تھا ۔ رتیش نائر نے بدلہ لینے کی خاطر دیویندر کا قتل کردیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق روزآنہ کے معمول کی طرح کام کے بعد دیویندر اپنے گھر جانے کی تیاری میں تھا کہ اس دوران ہوٹل کے باہر اس پر فائرنگ کردی گئی ۔ عینی شاہدین کے بیان کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ایک اجنبی شخص نے دیویندر گیان پر 6 راؤنڈ فائر کیا تاہم دیویندر کو 4 گولیاں لگیں ۔ نامعلوم بندوق بردار نے فائرنگ کے بعد فوری فرار اختیار کرلی ۔ جس کو چندا نگر کی جاتے ہوئے دیکھا گیا وہ موٹر سائیکل پر سوار تھا اور اس نے ہیلمٹ پہنی ہوئی تھی ۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ دیسی ساختہ بندوق سے فائر کیا گیا ۔ فائرنگ کے بعد شدید زخمی حالت میں دیویندر کو اس کے ساتھی اور ہوٹل کے عملہ نے ہاسپٹل منتقل کیا لیکن شدید خون بہنے کے سبب دیویندر درمیان راستہ میں ہی فوت ہوگیا ۔ دیویندر کا تعلق کولکتہ سے بتایا گیا ہے ۔ جو اپنے افراد خاندان کے ہمراہ سوچترا علاقہ میں رہتا تھا ۔ دیویندر گذشتہ 6 ماہ سے مدینہ گوڑہ میں واقع سندرشنی الائٹ رسٹورینٹ میں بحیثیت منیجر کام کر رہا تھا ۔ اطلاع کے ساتھ ہی ایس او ٹی پولیس فوری حرکت میں آگئی اور حملہ آور کی تلاش شروع کردی ہے ۔ پولیس دیویندر کے افراد خاندان سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے تاکہ کسی ذاتی دشمنی کا کوئی پہلو سامنے آسکے ۔ اس کے علاوہ پولیس ریسٹورینٹ میں پوچھ تاچھ کو جاری رکھتے ہوئے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دینے دباؤ دیویندر گیان کے مکان سے رسٹورنٹ پہوچنے اور ریسٹورنٹ کے علاوہ میاں پور چندا نگر اور مدینہ گوڑہ علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی جارہی ہے اور قاتل 42 سالہ رتیش نائر کو آج گرفتار کرلیا ۔ رتیش نائیر اپنے رسٹورینٹ میں کام کرتا تھا اور دیویندر کو منیجر کا عہدہ ملنے پر وہ برہم تھا اور اس سے مسلسل جھگڑا کرتا تھا ۔ اس کے رویہ کو دیکھتے ہوئے ریسٹورینٹ کے مالک نے رتیش نائیر کو ملازمت سے نکال دیا ۔ جس کے بعد رتیش نے دیویندر سے دشمنی پیدا کرلی اور ایک دیسی ساختہ بندوق کو خرید کر اس کا قتل کردیا ۔ پولیس نے نائیر کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا ہے ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر آف پولیس مادھاپور زون مسٹر جی سندیپ نے بتائی ۔ اس موقع پر دیگر پولیس عہدیدار موجود تھے ۔ ع