میدان عرفات میں کورونا کے علاج کا خصوصی دواخانہ

   

ریاض۔20 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی وزارت صحت نے میدان عرفات میں کورونا سے متاثرین کے علاج اور ان کی طبی نگہداشت کے لیے خصوصی دواخانہ تیار کیا ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے مشرقی عرفات میں کورونا دواخانہ کو طبی عملے اور ضروری طبی آلات سے آراستہ کردیا ہے. اس میں 200 بستروں کی گنجائش ہے۔یاد رہے کہ میدان عرفات وہ مقام ہے جہاں دنیا بھر کے مسلمان پانچواں اسلامی رکن حج ادا کرنے کے لیے 9 ذی الحج کو جمع ہوتے ہیں۔سعودی حکومت یہاں صحت خدمات کے لیے دواخانہ سمیت دنیا بھر کی سہولیات مہیا کرتی ہے۔وزارت صحت نے کہاہے کہ فی الوقت میدان عرفات کے کورونا دواخانہ میں سو مریض زیر علاج ہیں۔ دواخانہ کے معاون ڈائریکٹر لوی رفیع نے کہا ہے کہ کورونا کے مریضوں کو لانے سے لے کر انہیں صحت یاب ہونے کے بعد فارغ کرنے تک کا ایک مربوط نظام ہے جس پر عمل کیا جا رہا ہے۔یہاں چوبیس گھنٹے طبی عملہ خدمات پر موجود رہتا ہے جو وبائی امراض کا ماہر ہے۔ اعلٰی درجے کے ڈاکٹر ، کنسلٹنٹس، نرسیں اور فارماسسٹ مریضوں کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں۔