میدک۔ 9ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جامع مسجد میدک میں ماہِ ربیع الاول کی مناسبت سے جلسہ میلادالنبیؐ کا انعقاد عمل میں آیا۔ جلسہ کمیٹی کے صدر الحاج محمد افضل کی زیرِ نگرانی منعقد ہوا۔ امام و خطیب جامع مسجد حافظ سید خواجہ معزالدین کی تلاوتِ کلام پاک سے جلسے کا آغاز ہوا، جبکہ محمد شاہد حسین صوفیانی نے نعتِ رسولِ مقبولؐ پیش کی۔اس موقع پر مہمان مقرر مولانا سید محمد عطاء الحق کریمی شاہ آمری مدراس نے خطاب کرتے ہوئے حضور اکرمؐ کی عظمت و شان بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریمؐ کو بے شمار فضائل و کمالات عطا فرمائے، آپؐ کے دستِ مبارک میں شفا کا عظیم معجزہ تھا اور آپؐ کی ذاتِ اقدس پوری انسانیت کے لیے رحمت ہے۔مولانا نے قوت حافظہ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حافظہ اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ایک عظیم نعمت ہے۔ قرآنِ مجید کی تلاوت، ذکر و اذکار اور مسواک کے اہتمام سے ذہنی یکسوئی اور حافظہ کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ قرآنِ پاک کی تلاوت کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔انہوں نے آبِ زمزم کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس پانی عظیم برکتوں کا حامل ہے اور حوضِ کوثر کے پانی سے بھی افضل قرار دیا گیا ہے۔ معتمد کمیٹی محمد مجیدالدین مجیب نے مہمان مقرر کا استقبال کیا اور شرکائے جلسہ سے اظہارِ تشکر کیا۔س مقدس جلسہ میں عاشقان رسول اکرم کی کثیر تعداد شریک تھی۔