میدک میں جھلسی ہوئی کار کے ساتھ نعش دستیاب

   

ریئل اسٹیٹ تاجر سرینواس کے نام پر کار کے رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف، پولیس مصروف تحقیقات

میدک ۔ ضلع میدک کے منڈل ویلڈزن کی گرام پنچایت منگل پدتی سرحد میں ایک کار ہونڈاسٹا
TS15EH4005
کو جلاکر خاکستر کردینے کا واقعہ پیش آیا۔ کار جلائے جانے کی اطلاع پاکر ڈی ایس پی توپران کرن کمار سرکل انسپکٹر توپران سوامی گوڑ اور سرکل انسپکٹر مزیالور لینگیشور نے اپنے اہلکاروں کے ہمراہ پہنچکر جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ مقامی سرپنچ کو بھی یہاں طلب کرلیا گیا۔ جھلسی ہوئی کار کو جب پولیس نے دیکھا کہ اس کی ڈکی میں ایک جھلسی ہوئی ایک شخص کی نعش دیکھی گئی۔ ڈی ایس پی توپران کرن کمار نے بتایا کہ کار کے انجن سے کار کے نمبر کا پتہ چلایا گیا۔ یہ کار میدک کے دھرماکر کٹکے سرینواس کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ سرینواس کو فون کال کرنے پر کوئی جواب نہیں آیا۔ جس کا فون آن بتایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ہر زاویے سے مصروف تحقیقات ہے جھلسی ہوئی نعش سرینواس کی ہی ہے یا کسی اور شخص کی ہے ابھی اس کا پورا علم نہیں ہوسکا۔ اسی دوران ضلع ایس پی میدک جی چندنادیتی سے نمائندہ سیاست میدک فاروق حسین کے بات کرتے ہوئے بھی ایس پی نے بتایا کہ جھلسی ہوئی کار سرینواس کی ہے جو ریئل اسٹیٹ کے کاروبار کرتا تھا اور میدک ٹاؤن کی ایک سنیما ٹاکیز سینی میاکس ( چکرادھاری) تھیٹر کا مالک بھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میدک سے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم توپران پہنچ کر باڈی کی جانچ کررہی ہے۔ ڈی ایس پی توپران نے بتایا کہ صرف ایک گوشت کا لوتھڑا اور ہڈیاں ہی موجود ہیں جس کی وجہ سے جانچ میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ادھر میدک ٹاون کے عارف کامپلکس کے پاس موجود دھراکر سرینواس کے مکان پر رشتہ داروں کو خوب روتے دیکھا گیا۔ تاہم پولیس نے ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ جھلسی ہوئی نعش دھرماکر سرینواس کی ہے۔ کلیوز ٹیم فورنک ٹیم کی مدد سے بھی مشاہدہ کیا جارہا ہے۔