میدک میں ڈرینج کی تعمیر کو منصوبہ بندی کے ساتھ مکمل کریں

   

عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس سے ضلع کلکٹر وینکٹ رام ریڈی کا خطاب

میدک ۔ کلکٹر ضلع میدک انچارج مسٹر وینکٹ رام ریڈی نے متعلقہ عہدیداروں سے کہا کہ باریک دھان کی خریدی کرنے والے رائس ملرس کو نوٹس کی اجرائی عمل میں لائی جائے ۔ ضلع کلکٹر میدک کی صدارت میں ذمہ داران مراکز ، دھرانی پورٹل کے تحت انجام دئے جانے والے زرعی اراضیات کے متعلقہ عہدیداروں اور بلدی حلقوں کی ترقی کیلئے متعلقہ کمشنران بلدیات کے ساتھ منعقدہ ایک جائزہ اجلاس کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا ۔ دھرانی پورٹل کے تحت اراضیات کے رجسٹریشن سے متعلق انہوں نے کہا کہ جس دن سلاٹ بکنگ ہوگی اسی دن رجسٹری کے ڈاکومنٹس کی تیاری کرنا ہوگا ۔ اس کیلئے آر ڈی اوز ، تحصیلداروں ، ڈپٹی تحصیلداروں کو الرٹ ہونا ہوگا ۔ انہوں نے بلدی کمشنر میدک کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ میدک ٹاون کا بلدی ایریا 12 کیلومیٹر پر مشتمل ہے ۔ جس میں صرف 6 کیلومیٹر سڑکوں کے کام ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹاون کی سڑکوں کی سائڈوں میں ڈرینس کی تعمیرات اور فٹ پاتھ کی تعمیرات کیلئے منصوبہ بندی کے ساتھ کاموں کو تکمیل کرنا ہوگا ۔ جس کیلئے اندرون 4 یوم رپورٹ داخل کردیں ۔ انہوں نے کمشنر اور آر اینڈ بی انجینیرس کو اس سے متعلق ہدایات جاری کی ۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ میدک کو بھی شہر سدی پیٹ کی طرح خوبصورت بنانا ہے ۔ انہوں نے آر اینڈ بی انجینئیرس سے کہا کہ میدک کلکٹریٹ کامپلکس کی جدید عمارت کی تعمیرات کو جنگی خطوط پر عمل میں لانے کی بھی ہدایات جاری کی ۔ اس اجلاس میں میدک توپران ، آر ڈی اوز مسرز سائی رام ، شیام پرساد ، ڈی آر ڈی اے پراجکٹ ڈائرکٹر مسٹر سرینواس ، ڈسٹرکٹ اگریکلچرل آفیسر مسٹر پرسورام ، ضلع سیول سپلائیز آفیسر مسٹر سینواس آر اینڈ بی انجینئیر کمشنر بلدیہ میدک مسٹر سری ہری کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔