میری فلموں میں کہانی ہیرو ہوتی:یامی گوتم

   

ممبئی ۔ پچھلے کچھ سالوں میں یامی گوتم نے خواتین پر مبنی کئی فلمیں کی ہیں۔ یامی جلد ہی ریلیز ہونے والی فلم ’آرٹیکل 370‘ میں بھی مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ اس فلم میں ایک خاتون این آئی اے افسر کی کہانی بیان کی گئی ہے۔ بالی ووڈ خبری نے یامی سے پوچھا کہ کیا اب انہیں صرف خواتین پر مبنی فلموں کی پیشکش ہو رہی ہے یا وہ خود ایسی فلموں کا انتخاب کر رہی ہیں۔ سوال کا جواب دیتے ہوئے یامی گوتم نے کہا کہ اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے اور انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ وہ خواتین پر مبنی فلمیں کرنا چاہتی ہیں۔ یامی نے کہا پچھلے چند سالوں اور ان دو تین سالوں کی میری فلمیں دیکھنے کے بعد آپ کو لگے گا کہ میں خواتین پر مبنی فلمیں کررہی ہوں۔ لیکن مجھے نہیں لگتا کہ میں نے کبھی یہ کہا ہوکہ میں ایسی فلمیں کر رہی ہوں جس میں فلم کی کہانی میرے کردار کے گرد گھومتی ہو۔ اگر میں نے ایسی فلم بھی کی ہے تو میں نے اس لیے کی ہے کیونکہ اس فلم کی کہانی مضبوط تھی۔ یامی نے مزید کہا کہ آپ میری کوئی بھی فلم دیکھ سکتے ہیں جیسے کہ بالا، چور نکل کر بھاگا، اوڑی، دسویں یا آرٹیکل 370 تمام فلموں میں کہانی ہیرو ہوتی ہے۔ یہ میری خوش قسمتی ہے اور میں ایسی کہانیوں کی تلاش میں ہوں جن میں میرے کردار لوگوں کا دل جیتیں۔