واشنگٹن ؍ سیول : امریکہ، جنوبی کوریا اور جاپان نے گزشتہ ماہ پیانگ یانگ کے تازہ ترین اور سب سے بڑے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے تجربے کے بعد شمالی کوریا کے اہلکاروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ یہ عہدے دار ملک کے ہتھیاروں کے پروگراموں سے منسلک تھے۔ امریکی محکمہ خزانہ نے جمعرات کو بتایا کہ شمالی کوریا کے جن عہدے داروں پر پابندیاں لگائی گئی ہیں ان کے نام جون ال ہو ، یو جن اور کم سو گل ہیں۔ ان عہدے داروں کو یورپی یونین نے اپریل میں پابندیوں کے لیے نامزد کیا تھا۔ ان پابندیوں کے تحت امریکہ میں موجود ان کے اثاثہ منجمد ہو جائیں گے جب کہ امریکی شہری ان سے کوئی لین دین نہیں کر سکیں گے۔ امریکہ کی جانب سے شمالی کوریا پر پابندیاں لگانے کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے لیکن یہ امریکی اقدام شمالی کوریا کو زیادہ جدید اور زیادہ خطرناک میزائل تیار کرنے کے اپنے پروگرام کو آگے بڑھانے سے باز رکھنے میں زیادہ تر ناکام رہا ہے۔