میسورو: کرناٹک کے ضلع میسورو میں کرسمس کے چند روز بعد آج ایک چرچ کو نامعلوم افراد نے توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا۔ بے بی جیزس کے مجسمہ کو بھی نقصان کی اطلاع ہے۔ اس معاملہ کی تحقیقات کرنے والی پولیس کے مطابق یہ واقعہ میسورو کے پیریا پٹنہ علاقہ میں واقع سینٹ میریز چرچ میں پیش آیا۔ میسورو ایس پی سیما لکر نے کہا کہ خاطیوں کو بہت جلد پکڑلیا جائے گا ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے سراغ تلاش کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صبح 6 بجے چرچ اسٹاف نے توڑ پھوڑ کی اطلاع اپنے پیسٹر کو دی، جنہوں نے معاملہ پولیس سے رجوع کیا۔ قریبی کیمروں میں ریکارڈ سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ ظاہرطور پر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ چوری کی کوشش کی گئی اور خاطی کچھ رقم لے کر فرار ہوگئے۔چرچ کے باہر ایک کلکشن باکس رکھا ہوتا ہے۔ خاطیوں نے اس کو بھی نشانہ بنایا۔ کرناٹک ایسی 9 ریاستوں میں سے ہے جہاں انسداد تبدیلی مذہب قانون لاگو ہے۔