میسی کو فیفا کا سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ

   

میلان ۔24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ارجنٹیناکے اسٹار فٹ بولر لیونل میسی نے فیفا پلیئر آف دی ایر کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔ فیفا ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد میسی دنیائے فٹبال کے پہلے کھلاڑی بن گئے جنہوں نے یہ اعزاز 6 مرتبہ اپنے نام کیا ہے۔ اٹلی کے شہر میلان میں منعقدہ فیفا ایوارڈ ز کی سالانہ تقریب میں لیونل میسی کو اعزاز سے نوازا گیا۔سال کے بہترین کھلاڑی کے اس اعزاز کے لیے ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے کرسٹیانو رونالڈو اور لیورپول کے دفاعی کھلاڑی ویرجل وین ڈیجیک کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔ تن تنہا میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھنے والے 32 سالہ لیونل میسی ارجنٹینا کے ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئے اور مسلسل محنت سے خود کو دنیا کے عظیم کھلاڑیوں کی صف میں لا کھڑا کیا۔ 11 سال کی عمر میں میسی ہارمون کی کمی کی تشخیص کے بعد علاج کے لیے اسپین منتقل ہوئے۔ بعد ازاں مقامی فٹ بال کلب ایف سی بارسلونا سے معاہدہ کیا۔ میسی نے گزشتہ سیزن میں اسپین کی فٹ بال لیگ لا لیگا کا خطاب بھی اپنے نام کیا تھااور 58 مقابلوں میں 54 گول بناکر یورپین گولڈن بوٹ کا ایوارڈ جیتا تھا۔ فٹبال کے خطرناک کھلاڑی میسی نے بارسلونا کے لیے 8 لالیگا، 4 یو ای ایف اے، 4 کوپا ڈیل رے اور 6 اسپینش سوپر کپ ٹرافیز جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔