حالیہ حادثات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حیڈرا اور بلدیہ کی مشترکہ کارروائی
حیدرآباد 19 جون ( سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ میلار دیوپلی میں ’حیدرا‘ اور بلدیہ حیدرآباد سے بڑے پیمانے پر کاروائی میں فٹ پاتھ پر قبضہ جات کو برخواست کردیا گیا ۔ بلدیہ عہدیداروں کی نگرانی میں اس کارروائی سے قبل امکانی احتجاج کے پیش نظر بھاری پولیس بندوبست کیا گیا تھا اور قابضین کو سامان ہٹانے کی مہلت فراہم کی گئی لیکن قابضین کی سامان ہٹانے کی بجائے کارروائی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کو دیکھتے ہوئے ’حیدرا‘ اور پولیس نے جے سی بی کی مدد سے قبضہ جات کو برخواست کرنے کے اقدامات کئے ۔ راجندر نگر ‘ میلاردیوپلی میں اس کارروائی کے دوران سڑک کے دونوں جانب فٹ پاتھ پر قبضہ جات کو برخواست کرکے ان کو پیدل راہروؤں کے استعمال کے قابل بنایا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بندلہ گوڑہ سے آرام گھر براہ کاٹے دن جانے والی اس مصروف سڑک پر پیدل راہرؤوں کیلئے کوئی جگہ نہ ہونے سے حادثات کو دیکھتے ہوئے مقامی عوام کی شکایات پر ’حیدرا‘ نے بلدیہ حیدرآباد کے ہمراہ فٹ پاتھ پر قبضہ جات کو برخواست کروانے کی کاروائی انجام دی۔ ذرائع کے مطابق مقامی عوام کی شکایات کا جائزہ لینے کے بعد ’حیدرا‘ حکام نے پولیس اور بلدیہ کے ذمہ داروں کے ہمراہ مذاکرات کے ذریعہ اس کارروائی کا فیصلہ کیا۔ متاثرین نے بلدیہ حیدرآباد و ’حیدرا‘ عہدیداروں پر الزام عائد کیا کہ انہیں تخلیہ کروانے کوئی نوٹس جاری نہیں کی گئی اور اچانک کی گئی کارروائی کے نتیجہ میں کئی غریب تاجرین جو فٹ پاتھ پر کاروبار کرتے ہوئے اپنی زندگی گذار رہے تھے انہیں تجارت سے محروم ہونا پڑا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ناجائز قابضین کو برخواست کروانے یا ان کے خلاف کاروائی کیلئے کسی نوٹس کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ فٹ پاتھ پر قبضہ ناجائز ہیں اور ان ناجائز قبضہ جات کی برخواستگی کیلئے نوٹس دینے کی ضرورت نہیں ہے اس کے باوجود سامان ہٹانے کی مہلت فراہم کی گئی ۔3