نظام آباد۔13 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر ناگیش ریڈی نے تلنگانہ کانگریس اُمور کی انچارج میناکشی نٹراجن کی راجیہ سبھا نامزدگی مسترد کیے جانے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے جمہوری اقدار کے منافی قرار دیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نہ صرف ووٹوں کی چوری کی کوشش کر رہی ہے بلکہ راجیہ سبھا نشستوں پر بھی غیر منصفانہ طریقوں سے قبضہ جمانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ضلع میں یوریا کی کوئی قلت نہیں ہے اور کسانوں کو مرحلہ وار کھاد کی فراہمی جاری ہے۔مسٹر نگیش ریڈی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میناکشی نٹراجن کے خلاف تلنگانہ میں کوئی مقدمہ درج نہیں ہے اور نہ ہی انہیں کسی عدالت کی جانب سے کوئی نوٹس موصول ہوا ہے، اس کے باوجود کسی شکایتی مکتوب کی بنیاد پر ان کی نامزدگی کو مسترد کرنا افسوسناک ہے۔