مینگو ڈپلومیسی: شیخ حسینہ کا شہباز شریف کو آموں کا تحفہ

   

ڈھاکہ: وزیر اعظم شیخ حسینہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب شہباز شریف کو تازہ موسمی آم تحفے کے طور پر بھیجے ہیں۔ڈھاکہ ٹریبیون کی خبر کے مطابق، اسلام آباد میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن نے 1,500 کلو آم پیر کو پاکستان کی وزارت خارجہ کے ایک پروٹوکول افسر کے حوالے کیے۔پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد روح العالم صدیق نے کہا کہ یہ تحفہ “دونوں برادر ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا اور باہمی دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔”ہندوستان میں برطانوی راج کے خاتمے کے بعد، موجودہ پاکستان اور بنگلہ دیش 24 سال تک ایک ہی ریاست کا حصہ رہے لیکن پھر 1971 کی جنگ کے بعد مشرقی پاکستان ایک الگ ملک بنگلہ دیش بن گیا۔ جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات سردمہری کا شکار رہے۔حالیہ برسوں میں، جیسا کہ بھارت کے جنوبی ایشیائی خطے میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات خراب ہوتے جا رہے ہیں، پرانے حریفوں پاکستان اور بنگلہ دیش نے سفارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات استوار کرنے پر زور دیا ہے جو خطے میں کئی دہائیوں کے تاریخی تناؤ کو ختم کر سکتے ہیں۔