تل ابیب: اسرائیلی فوج کا کہنا ہیکہ حماس کے مزاحمت کاروں کے ہاتھوں 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملے کے دوران سپرنووا میوزک فیسٹیول میں 378 افراد ہلاک ہوئے تھے۔یہ اعداد و شمار اس وقت جاری کیے گئے جب فوج نے اس ہفتے متاثرین کے اہل خانہ اور زندہ بچ جانے والوں کو حملے کی تحقیقات کے نتائج سے آگاہ کیا۔اس دن غزہ کی سرحد سے تین میل سے بھی کم فاصلے پر واقع رعیم میں ٹیکنو میوزک فیسٹیول میں تقریباً 3,400 افراد شریک تھے۔تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ جب حماس نے جنوبی اسرائیلی کمیونٹیز پر حملہ شروع کیا تو غزہ کی پٹی سے ہزاروں راکٹ فائر کیے جانے کے صرف چھ منٹ بعد پولیس نے صبح 6:35 بجے فیسٹیول کو بند کرنے کا حکم دے دیا تھا۔فوج نے اطلاع دی کہ صبح 8:20 بجے 110 دہشت گردوں کی پہلی لہر کے جائے وقوعہ پر پہنچنے سے پہلے زیادہ تر لوگ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔رپورٹ میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ حماس کے مزاحمت کاروں کا اصل میں تہوار پر حملہ کرنے کا ارادہ نہیں تھا لیکن وہ شمالی شہر نیٹیووٹ کا راستہ بھول گئے تھے اور وہاں وہ کبھی نہ پہنچ سکے۔تحقیقات کے مطابق فیسٹیول کے شرکاء کو بچانے کیلئے بھیجے گئے پہلے فوجی 11:20 بجے تک پہنچے۔متاثرین کے لواحقین نے بتایا کہ فوجی حکام نے یہ نتائج پیش کرتے وقت معذرت کی اور اپنی ناکامی کا اعتراف کیا۔