میکسیکو سٹی: وسطی میکسیکو کی ریاست کے دارالحکومت ٹولوکا میں خوردہ غذائی اجناس تقسیم کرنے والے ایک مرکز میں زبردست آگ لگنے سے کم از کم نو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا ہے ۔ ریاست کے اٹارنی جنرل کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیر کی صبح ‘‘کمرشل ویئر ہاؤس نمبر سات’’ میں لگنے والی آگ نے کئی کاروباروں کو متاثر کیا۔ آگ کی زد میں آنے سے نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔پراسیکیوٹر کے دفتر نے کہا کہ ابتدائی رپورٹوں سے معلوم ہوا ہے کہ کئی مسلح مشتبہ افراد علاقے میں نامعلوم مادہ چھڑکنے کیلئے داخل ہوئے تاکہ دھماکے اور آگ لگائی جا سکے ۔ یہ تمام ملزمان واردات کے بعد گاڑی میں فرار ہو گئے ۔دفتر نے کہا کہ پہلے بھی دھمکیوں اور سائٹ کو نشانہ بنانے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس واقعے کا تعلق ‘کاروبار کے کنٹرول کیلئے اندرونی جدوجہد’ سے ہو سکتا ہے۔