میگا ڈی ایس سی اور جاب کیلنڈر کی اجرائی میں حکومت ناکام

   

کونسل میں گولڈ میڈلسٹ ہونا چاہئے یا ملزم ، گریجویٹس فیصلہ کریں : کے ٹی آر
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : (سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے میگا ڈی ایس سی اور جاب کیلنڈر جاری کرنے میں ناکام ہوجانے کا کانگریس حکومت پر الزام عائد کیا ۔ نلگنڈہ میں منعقدہ کھمم ، ورنگل ، نلگنڈہ گریجویٹ کوٹہ کونسل کے ضمنی انتحاب کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر سابق وزیر جگدیش ریڈی بی آر ایس کے قائد آر ایس پروین کمار کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اس گریجویٹ کوٹہ کونسل کے حلقے میں جملہ 4 لاکھ 70 ہزار گریجویٹس ہیں ۔ تعلیم یافتہ افراد غور کریں ۔ ان کی آواز بن کر کونسل میں ایک گولڈ میڈلسٹ کو جانا چاہئے یا ایک بلیک میلر کو جانا چاہئے جو میڈیا اور یوٹیوب کی مدد سے دھندا کررہا ہے ۔ لوگوں کو ڈرا دھمکا رہا ہے جس کے خلاف 56 مقدمات درج ہیں ۔ کانگریس پارٹی نے حکومت تشکیل دینے کے پہلے سال 2 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ 5 ماہ مکمل ہوگئے ہیں ملازمتوں کی فراہمی کے لیے آج تک ایک بھی نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا گیا ۔ میگا ڈی ایس سی کا وعدہ کیا گیا اس پر بھی کوئی کارروائی شروع نہیں کی گئی ۔ چیف منسٹر 30 ہزار ملازمتیں دینے کا دعویٰ کررہے ہیں جب نوٹیفیکیشن ہی نہیں دیا گیا تو ملازمتیں کیسے دی جائیں گی ۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں انعقاد کئے گئے امتحانات اور کامیاب امیدواروں میں تقرر نامے تقسیم کرتے ہوئے چیف منسٹر اس کو کانگریس حکومت کا کارنامہ قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔ کانگریس کے وزراء اتم کمار ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور کانگریس کے ارکان اسمبلی کانگریس کے امیدوار تین مار ملنا کی تائید و حمایت کررہے ہیں ۔ انتخابات ختم ہوجانے کے بعد تین مار ملنا انہیں بھی بلیک میل کریں گے ۔۔ 2