میگھالیہ اسمبلی الیکشن کیلئے تشہیر ختم، سخت سکیوریٹی میں کل ووٹنگ

   

شیلانگ :میگھالیہ میں 27 فروری کو ہونے والے اسمبلی انتخاب کے لیے تشہیرمہم آج شام 4 بجے ختم ہو گئی۔ اب پیر یعنی 27 فروری کو سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان 12 اضلاع کی 60 اسمبلی سیٹوں میں سے 59 پر ووٹنگ ہوگی۔یونائٹیڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار ایچ ڈونکوپر رائے لنگدوہ کی بیماری کے سبب 20 فروری کو موت ہو گئی تھی، جس کے بعد شمالی کھاسی ہلز ضلع کے سوہیونگ اسمبلی حلقہ میں ووٹنگ نہیں ہوگی۔ میگھالیہ کے چیف الیکٹورل افسر ایف آر کھارکونگور نے بتایا کہ 27 فروری کو ہونے والے اسمبلی انتخاب میں 36 خواتین سمیت مجموعی طور پر 369 امیدوار میدان میں ہیں۔ 2018 کے اسمبلی انتخاب میں 32 خواتین سمیت 329 امیدواروں نے قسمت آزمائی کی تھی۔ الیکشن کیلئے بڑی تعداد میں سی اے پی ایف (سنٹرل مسلح پولیس فورس)، ریاستی مسلح اور ریاستی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیاہے۔ بی جے پی اور کانگریس نے سبھی اسمبلی سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں، جبکہ اہم اپوزیشن ترنمول کانگریس نے 56 امیدواروں کو نامزد کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کونراڈ سنگما کی قیادت والی پی پی پی نے 57 امیدواروں کومیدان میں اتارا ہے۔مجموعی طور پر 44 آزاد امیدوار بھی انتخابی میدان میں ہیں۔