میں مہاتما گاندھی کی تعلیمات سے کافی متاثر ہوا : بان کی مون

   

سیول ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سابق سکریٹری جنرل بان کی مون نے یہاں ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان کے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی تعلیمات سے بیحد متاثر ہیں۔ یونسئی یونیورسٹی میں مہاتما گاندھی کے ایک چھوٹے مجسمہ کی نقاب کشائی کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی اور یہ بھی کہا کہ جنوبی کوریا کی عوام کیلئے مہاتما گاندھی کی تعلیمات ہمیشہ مشعل راہ ثابت ہوں گی۔ یاد رہیکہ وزیراعظم ہند نریندر مودی جنوبی کوریا کے دو روزہ دورہ پر یہاں پہنچے ہیں تاکہ جنوبی کوریا کے ساتھ ہندوستان کے حکمت عملی تعلقات کو مستحکم کیا جاسکے۔ نریندر مودی کے ساتھ جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان اور سابق سکریٹری جنرل اقوام متحدہ بان کی مون نے مہاتما گاندھی کے ایک چھوٹے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی جسے باوقار یونسئی یونیورسٹی میں نصب کیا گیا ہے۔ بان کی مون نے کہا کہ گاندھی جی کا مجسمہ جنوبی کوریائی عوام کیلئے بڑا تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1972ء میں انہوں نے اپنا سفارتی کیریئر ہندوستان سے شروع کیا تھا اور اسی وقت سے وہ (مون) مہاتما گاندھی کی تعلیمات سے بیحد متاثر رہے۔ بان کی مون اقوام متحدہ کے آٹھویں سکریٹری جنرل تھے۔