کولکاتا: ہندوستان کے کپتان روہت شرما نے ویسٹ انڈیز سے دوسرا ٹی ٹوئنٹی جیتنے کے بعد کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلنا ہمیشہ خطرناک ہوتا ہے ۔ ہم جانتے تھے کہ میچ آخر تک جائے گا اور آخری گیند تک ٹیم کی اچھی کارکردگی سے مجھے خوشی ہے۔ روہت نے گزشتہ روز میچ کے بعد کہا کہ سینئر بولر بھونیشور کمار نے اپنے تجربے کا استعمال کیا اور صبروتحمل کے ساتھ گیندبازی کی۔ ہمیں ان کی قابلیت پر پورا بھروسہ ہے ۔ ویراٹ کوہلی نے اچھی بیٹنگ کی جسے دیکھنا بہت اچھا لگا۔ اس کے بعد رشبھ پنت اور وینکٹیش ایئر نے اننگز کا خاتمہ کیا۔ وینکٹیش کیلئے یہ بہت بڑی بات ہے کہ وہ اس عمر میں اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھتے ہیں اور تمام کرداروں کو بخوبی ادا کرتے ہیں۔ آخر میں انہوں نے مجھے بتایا کہ وہ بولنگ کرنا چاہتے ہیں۔ روہت نے ایک کیچ چھوڑنے کے بارے میں کہا کہ ہم ایک اچھی فیلڈنگ ٹیم بننا چاہتے ہیں۔ اگر ہم نے وہ کیچ لیا ہوتا تو شاید نتیجہ کچھ اور ہوتا لیکن ہم اس سے سیکھتے اور بہتر ہوتے جائیں گے ۔ اپنی نصف سنچری کیلئے پلیئر آف دی میچ منتخب کئے گئے رشبھ پنت نے کہا کہ میں ٹیم کی ضرورت کے مطابق کہیں بھی بیٹنگ کرنے کیلئے تیار ہوں۔ پاویل کا کیچ بھونیشور کا تھا اس لئے میں رک گیا۔ میں صورتحال کے مطابق بلے بازی کرنے میں یقین رکھتا ہوں۔ پریکٹس کرنے سے میں اپنے شاٹ میں بہتر ہوتے جارہا ہوں۔ وینکٹیش سے میری یہی بات چیت ہوئی کہ ہم حواس باختہ ہرگز نہیں ہوں گے اور ہر گیندکو سوچ سمجھ کر کھیلیں گے۔ کورنٹین کے ساتھ سبھی میچ کھیلنا مشکل ہوتا ہے لیکن میں ہمیشہ سے ہندوستان کیلئے کھیلنا چاہتا تھا۔ پاویل گولی کی رفتار سے گیند کو ماررہے تھے ۔ پیچھے رہ کر مجھے خوشی ہورہی تھی کیونکہ وہ میرے ساتھ دہلی کیاپیٹلز کے لئے کھیلیں گے لیکن آخر میں آپ ہندوستان کیلئے ہرمیچ جیتنا چاہتے ہیں۔