نئی دہلی میں مصنوعی بارش کرائے جانے کا منصوبہ

   

نئی دہلی : نئی دہلی میں بدترین فضائی آلودگی کے بحران پر قابو پانے کیلئے دہلی حکومت کے مصنوعی بارش کرانے کے منصوبے پر 13 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ لیکن مصنوعی بارش کرائی کیسے جاتی ہے اور اس کے مضمرات کیا ہیں؟دہلی اور اس کے اطراف میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات ہونے والی ہلکی بارش سے گوکہ فضائی آلودگی سے پریشان حال لوگوں کو تھوڑی سے عارضی راحت ملی ہے لیکن ماہرین کے مطابق آلودگی کی یہ صورت حال فوراً ختم ہونے والی نہیں ہے۔ اسی کے مدنظر دہلی کی عام آدمی پارٹی حکومت نے دارالحکومت کے کچھ علاقوں میں مصنوعی بارش (آرٹیفیشئل رین) کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے جمعرات کو بتایا کہ حکام کو دہلی میں مصنوعی بارش کرانے کے حوالے سے ہدایات دے دی گئی ہیں۔ اس منصوبے پر تقریباً 13 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔گوپال رائے نے بتایا کہ بھارت میں انجینیئرنگ کے معروف ادارے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی)، کانپورکے ماہرین کی ایک ٹیم نے مصنوعی بارش کے سلسلے میں تفصیلی تجویز پیش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آئی آئی ٹی پہلے بھی مصنوعی بارش کے تجربات کرچکی ہے۔ لیکن اس نے یہ تجربات بارش کے موسم میں کیے تھے اور سردیوں کیلئے یہ ایک نیا تجربہ ہو گا۔