نئی نسل کو جدوجہد آزادی کی تاریخ سے واقف کرانا ضروری

   

بھوپال : جشن آزادی کے موقع پر مصوری مقابلے کے انعقاد کا مقصد ہی یہی ہے کہ نئی نسل کوملک کی آزادی کی تاریخ سے روشناس کرایا جائے اور اس تعلق سے ملک و قوم کے نونہالوں اور نئی نسل میں بیداری پیدا کی جائے کیوں کہ جو قوم اپنی تاریخ کو فراموش کردیتی ہے ، وہ انقلاب لانے سے قاصر رہتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈی جی پی(ریٹائرڈ) ایم ڈبلیو انصاری نے یوم آزادی کی مناسبت سے منعقدہ مقابلہ مصوری کے موقع پر طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق آئی پی ایس افسر نے کہا کہ ہندوستان کی ہمہ جہت ترقی ہرہندوستانی کا مشترکہ خواب ہے لیکن خوابوں کی تکمیل یوں ہی نہیں ہوتی۔اس کے لئے عوام کو بیدار کرنا ہوگا اور عہد حاضر کے تقاضوں سے نئی نسل کو واقف کرانا ہوگا۔اس کے پس پردہ مقصد یہ ہے کہ ہر قوم کے جو مجاہدین آزادی ہیں ان کی خدمات کو تلاش کرکے نمایاں کیاجائے ۔اگر یہ کام وقت رہتے نہیں کیاگیا تو زمانہ جو ستم کی چال چل رہا ہے ، اس میں سے جس طرح سے مشترکہ وراثت کے مجاہدین آزادی کے نام کو ایک ایک کرکے فراموش کیا گیا اور کیا جا رہا ہے اور نہ جانے کب تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔