جمعیت العلماء کے زیراہتمام جنگاؤں میں سیرت النبیؐ اسلامی کوئز مقابلے کے انعامات کی تقسیم ، علماء کا خطاب
جنگاؤں۔ 25ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جمعیت علماء شاخ جنگاؤں کے زیرِ اہتمام میناریٹی ریسیڈنشیل اسکول اینڈ کالج، جنگاؤں میں منعقدہ سیرت النبیؐ اسلامی کوئز 2026 کے تقسیمِ انعامات کا جلسہ آج میناریٹی ریسیڈنشیل اسکول میں واقع مسجد میں منعقد ہوا۔ جلسہ کی صدارت صدر جمعیت علماء جنگاؤں مولانا عبد الرحمن سبیلی نے کی۔اس موقع پر مولانا شاکر حسین قاسمی، محمد خواجہ مجتہد الدین، ایڈوکیٹ محمد جمال شریف کے علاوہ دیگر ذمہ داران، اساتذہ، طلبہ اور معززین کی کثیر تعداد موجود تھی۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کوئز کے کنوینر محمد خواجہ مجتہد الدین نے جمعیت علماء کے تعارف اور اس کی تاریخی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء نے ہمیشہ دینی تعلیم، اصلاحِ معاشرہ اور نئی نسل میں دینی شعور بیدار کرنے کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ مولانا شاکر حسین قاسمی نے کہا کہ نئی نسل کو سیرت النبیؐ سے جوڑنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ بچوں میں دینی جذبہ پیدا کرنے، اُنہیں اسلامی مسائل و فضائل سے واقف کرانے اور سیرتِ نبویؐ سے جوڑنے کے مقصد سے یہ کوئز پروگرام منعقد کیا گیا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ دینی تعلیم کے ساتھ اسلامی معلومات کے حصول کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ ایڈوکیٹ محمد جمال شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایمان کی دولت سے نوازا ہے، اس لیے ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم دین کے مسائل و فضائل سے واقف ہوں۔ انہوں نے طلبہ کو روزانہ قرآنِ کریم کی تلاوت، عربی زبان کی تعلیم اور دینی معلومات حاصل کرنے کی ترغیب دی۔مولانا عبد الرحمن سبیلی نے کہا کہ میناریٹی ریسیڈنشیل اسکولوں کے قیام کے بعد جمعیت علماء وہ تنظیم ہے جس نے ان اداروں میں دینی تعلیم کے فروغ کے لیے حکومت سے مسلسل نمائندگی کی۔ انہی کوششوں کے نتیجے میں میناریٹی ریسیڈنشیل اسکولوں اور کالجوں میں عربی معلمین کا تقرر عمل میں آیا۔سابق کونسلر محمد صمد، سابق کوآپشن ممبر مسیح الرحمن ذاکر نے بھی اس موقع پر جمعیت علماء جنگاؤں کی دینی و تعلیمی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔پروگرام کے دوران سیرت النبیؐ اسلامی کوئز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس کے علاوہ تمام شرکاء کو حوصلہ افزائی کے طور پر اعزازی انعامات اور سرٹیفکیٹس سے بھی نوازا گیا۔پروگرام کے اختتام پر مولانا شاکر حسین قاسمی نے دعا فرمائی۔ اس موقع پر حافظ عبد المنان، حافظ عبد الجواد، ڈاکٹر بشرا، سلمان خورشید کے علاوہ طلبہ اور اسکول کے عملہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔
بیدر میں کل سیرت النبیؐ کانفرنس و تقسیم انعامات
اول پوزیشن آنے والے طلبہ کو عمرہ کرانے کا اعلان کیا جائیگا :مولانا محمد تصدق ندوی
بیدر۔ 25ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مولانا محمد تصدق ندوی، صدر جمعیت علماء بیدر کے بموجب، جمعیت علماء بیدر کے زیرِ اہتمام پٹیل فنکشن ہال، حیدرآباد روڈ، بیدر میں بروز اتوار 27 ستمبر مطابق 14 ربیع الثانی 1448ھ کو دوپہر 2 بجے سیرت النبی ؐ کانفرنس و تقسیمِ انعامات سیرت کوئز مقابلہ منعقد ہوگا۔کانفرنس میں حضرت مولانا حکیم الدین قاسمی قومی جنرل سکریٹری جمعیت علماء ہند بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے خصوصی خطاب کریں گے۔ اس موقع پر مولانا محمد شریف مظہری اور الحاج محمد رحیم خان و سابق ریاستی وزیر حکومت کرناٹک بھی شرکت کریں گے۔ واضح ہو کہ ضلع بھر میں سیرت کوئز مقابلہ میں اسکول و کالج کے 21 ہزار طلبہ وطالبات نے حصہ لیا اور بہترین مظاہرہ پیش کیا ۔اس موقع پر ضلعی سطح پر سیرت کوئز مقابلے کے تینوں زمروں میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو عمرہ کرانے کا اعلان کیا جائے گا، جبکہ دوم سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو سرٹیفکیٹ کے ساتھ نقد انعامات کی تقسیم مہمانِ خصوصی کے ہاتھوں عمل میں آئے گی۔اس جلسہ کی صدارت حضرت مولانا محمد تصدق ندوی صدر جمعیت علماء بیدر، سرپرستی الحاج محمد سراج احمد انجینئر سرپرست جمعیت علماء بیدر، اور نگرانی الحاج محمد فیاض احمد ایچ کے جی این سیکریٹری جمعیت علماء بیدر کریں گے ۔ حافظ محمد عمر قریشی، جنرل سکریٹری جمعیت علماء بیدر، مولانا محمد عبدالحکیم قاسمی نائب صدر جمعیت علماء بیدر، اور مولانا محمد فرید حسامی خازن جمعیت علماء بیدر سمیت تمام عہدیداران و اراکینِ جمعیت علماء بیدر نے ملتِ اسلامیہ، بالخصوص طلبہ و طالبات سے اس بابرکت اجتماع میں کثیر تعداد میں شرکت کرنے کی پرخلوص خواہش کی ہے۔
بودھن میں کل ڈیجیٹل طرز پر سیرت النبیؐ کوئز مقابلے
بودھن ۔ 25ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء بودھن کی اطلاع کے مطابق 27 ستمبر کو سیرت النبی ؐ ڈیجیٹل کوئز مقابلے کا صبح 9 بجے تادوپہر 1 بجے، ثناء پیلس فنکشن ہال، رنجل بیس، بودھن میں انعقاد عمل میں آئیگا جس میں بطور مہمانِ خصوصی حضرت حافظ پیر خلیق احمد صابر ، جنرل سکریٹری جمعیہ علماء ریاست تلنگانہ شرکت کریں گے ، جبکہ ان کوئز مقابلوں کی صدارت مولانا سید سمیع اللہ قاسمی انجام دیں گے ۔ یہ مقابلے آٹھویں تا دسویں جماعت کے اُردو و انگریزی میڈیم طلبہ و طالبات کے لئے ہوں گے۔ ان مقابلوں میں حصہ لینے تا حال تقریباً 200 طلبہ نے اپنے نام رجسٹریشن کرواچکے ہیں ، مقابلے ڈیجیٹل طرز پر منعقد ہونگے۔ سیرت النبیؐ کی کتاب کو نصاب مقرر کیا گیا ہے۔ اسکرین پر سوالات کے ساتھ چار جوابات کے اختیارات پیش کیے جائیں گے اور طلبہ اپنے موبائل فون کے ذریعے جواب دیتے ہوئے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔حافظ افسر مظہری، صدر جمعیۃ علماء بودھن نے بتایا کہ مقابلے کا مقصد طلبہ میں سیرتِ نبویؐ کے مطالعہ کا شوق پیدا کرنا اور نئی نسل کو حیاتِ طیبہ و تعلیماتِ نبویؐ سے روشناس کرانا ہے۔ اول، دوم اور سوم درجہ کے منتخب طلبہ کو بالترتیب 8,000، 5,000 اور 3,000 جبکہ 10 ترغیبی انعامات 1,000 فی کس مقرر ہیں، اور تمام حصہ لینے والے طلباء و طالبات کو اسناد پیش کیے جائیں گے۔ مزید معلومات کے لیے سل نمبر 8520095403ربط پیدا کیا جا سکتا ہے۔