نئی دہلی۔ حکومت نے جمعہ کو پارلیمنٹ میں کہا کہ انڈین ریلویزکی نئی ٹرین تیجس میں ارکان پارلیمنٹ کے سفر کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے اور اس پر بعد میں غور کیا جائے گا۔ یہ معلومات ریلوے کے وزیر مملکت راؤ صاحب دانوے نے راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران ضمنی سوالات کے جواب میں دی۔سماج وادی پارٹی کے رکن چودھری سکھرام سنگھ یادو نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کے شناختی کارڈ پرکوئی بھی ٹرین ، کوئی کلاس (کسی بھی ٹرین میں کوئی بھی کلاس) لکھا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کسی بھی ٹرین میں سفر کر سکتے ہیں لیکن نئی متعارف کروائی گئی تیجس ٹرینوں میں اس بنیاد پرارکان پارلیمنٹ کو سفر کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے وزیر ریلوے سے اس حوالے سے صورتحال واضح کرنے کو کہا۔