نلگنڈہ ۔14 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر بی چندرشیکھر نے عہدیدارو ں کو ہدایت دی کہ موجودہ کلکٹریٹ کے احاطے میں زیرِ تعمیر نئے کلکٹر دفتر کی عمارت کے تمام تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کرکے اسے عوام کے لئے دستیاب بنایا جائے۔ آج ضلع کلکٹر نے زیرِ تعمیر نئی کلکٹریٹ عمارت کا معائنہ کیا اور مختلف شعبوں دفاتر اور سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اجلاس ہال پرجاوانی (عوامی شکایات) ہال ویڈیو کانفرنس ہال وزراء کلکٹر ایڈیشنل کلکٹرس اور ضلع ریونیو آفیسر کے چیمبرس کے علاوہ ملازمین کے شعبوں کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے انجینئرنگ عہدیداروں کو ضروری فرنیچر برقی سہولتوں اور دیگر بنیادی انتظامات جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ضلع کلکٹر نے واضح کیا کہ نئی کلکٹریٹ عمارت میں آنے والے عوام عہدیداروں اور ملازمین کے لیے تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں اور تعمیراتی کاموں میں معیار کے اصولوں کی سختی سے پابندی کی جائے۔اس موقع پر ضلع ریونیو آفیسر دشرت آر اینڈ بی کے سپرنٹنڈنگ انجینئر موہن ایگزیکٹیو انجینئر شری دھر ریڈی پراجکٹ منیجر ابھیشیک الیکٹریکل ڈی ای شروتی سول ڈی ای پھنیجا اے ای پنیا اے او موتی لال اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔