نااہل 1.28 لاکھ افراد کے فلاحی پنشن منسوخ !

   

48 ہزار اہل معذورین اور بیواؤں کی نئی فہرست تیار ، حکومت کا بڑا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ حکومت نے ریاست میں مستحق اور حقیقی ضرورت مندوں تک فلاحی پنشن کے فائدے پہونچانے کے عزم کے تحت ایک بڑا انتظامی فیصلہ کیا ہے ۔ ریاست بھر میں فلاحی پنشنرس کی جامع تصدیق اور فیلڈ انویسٹی گیشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ جس کے نتیجے میں حکام نے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے 1.28 لاکھ نا اہل افراد کی پنشن فوری طور پر منسوخ کردی ہے ۔ دوسری جانب حکومت نے ان نا اہل افراد کو ہٹانے کے ساتھ ہی طویل عرصے سے محروم 48 ہزار حقیقی مستحقین پر مشتمل ایک نئی فہرست بھی تیار کرلی ہے ۔ جس سے اسکیم میں شفافیت کی ایک نئی مثال قائم ہوئی ہے ۔ حکام کی جانب سے گھر گھر جاکر کی گئی فیلڈ انویسٹی گیشن کے دوران معلوم ہوا کہ کئی ایسے لوگ پنشن حاصل کررہے تھے جو سرکاری رہنمایانہ خطوط کے مطابق اس کے اہل نہیں تھے ۔ منسوخی کی بڑی وجوہات میں ایسے افراد جو مستقل طور پر دوسرے مقامات یا ریاستوں کو منتقل ہوچکے ہیں ۔ سرکاری ملازمین کے والدین جو قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پنشن حاصل کررہے تھے ایسے دولت مند افراد جن کے پاس 5 ایکر سے زائد زرعی اراضی موجود ہے انکم ٹیکس ادا کرنے والے افراد جو غیر قانونی طور پر اس اسکیم کا فائدہ اٹھا رہے تھے اعداد و شمار کے مطابق منسوخ کی گئی جملہ 1.28 لاکھ پنشن میں سب سے بڑی تعداد یعنی 1.02 لاکھ پنشن دیہی علاقوں سے تعلق رکھتی ہے جب کہ ماباقی 26 ہزار پنشن بلدیات کے دائرہ اختیار سے منسوخ کی گئی ہیں ۔ نا اہل افراد کے نام خارج کئے جانے سے جہاں سرکاری خزانے پر ناجائز بوجھ کم ہوا ہے وہیں برسوں سے انتظار کرنے والے غریب عوام کی پنشن کے لیے راہ ہموار ہوئی ہے ۔ عہدیداروں نے نئی فہرست میں 48000 معذور افراد اور بیواؤں کے نام شامل کئے ہیں ۔ جو مکمل طور پر اہل ہونے کے باوجود طویل عرصے سے اس فلاحی اسکیم سے محروم تھے ۔ محکمہ فینانس کی جانب سے منظوری ملتے ہی ان تمام نئے مستفیدین کو پنشن کی باقاعدہ فراہمی کیلئے سرکاری احکامات جاری کردئیے جائیں گے ۔۔ 2/m/b