ناجائز تعلقات ‘ شادی کیلئے اصرار پر پجاری نے لڑکی کا قتل کردیا

   

پولیس کو گمراہ کرنے گمشدگی کی شکایت درج کروائی گئی تھی ۔ ڈی سی پی شمس آباد
شمس آباد /9 جون ( سیاست نیوز ) شمس آباد آر جی آئی اے پولیس نے خاتون کے قتل کے الزام میں پجاری کو گرفتار کرلیا ۔ شمس آباد ڈی سی پی نارائن ریڈی نے میڈیا کو بتایا کہ وینکٹا سائی کرشنا 36 سالہ ساکن سرور نگر مندر کا پجاری ہے ۔ اس نے 5 جون کو پولیس اسٹیشن آکر کے اپسرا 30 سالہ ساکن سرور نگر کی شمس آباد بس اسٹانڈ سے گمشدگی کی شکایت درج کروائی ۔ جس پر پولیس نے تحقیقات کا آعاز کیا ۔ پولیس کو سی سی ٹی وی کیمروں سے پتہ چلاکہ سائی کرشنا اپسرا کو شمس آباد کے موضع سلطان پلی گوشالہ کے قریب لے گیا اور پتھر سے سر پر حملہ کرکے قتل کردیا ۔ اپسرا کی نعش کو کور میں لپیٹ کر سرور نگر لے گیا اور نعش کو کار میں ہی رکھا اور اگلے دن مین ہول میں نعش کو پھینک دیا اور بدبو آنے پر دو گاڑیوں میں مٹی منگواکر مین ہول کو بند کردیا اور پولیس میں گمشدگی کی شکایت درج کروائی ۔ شمس آباد ڈی سی پی نے بتایا کہ سائی کرشنا مندر کاپجاری ہے اور اپسرا مندر جاتی تھا دونوں میں محبت ہوگئی اور ان میں ناجائز تعلقات تھے ۔ اپسرا پجاری پر شادی کیلئے زور ڈال رہی تھی جس سے تنگ آکر منصوبہ کے تحت کار میں شمس آباد مواضعات گھوم کر سلطان پلی لے جاکر قتل کردیا ۔ فوٹیج دیکھنے کے بعد اسے حراست میں لیکر تفتیش پر اس نے جرم قبول کیا ۔ اپسرا کی نعش کو سرور نگر مین ہول سے برآمد کرکے سائی کرشنا کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے عدالتی تحویل میں بھیج دیا ۔ سرینواس انسپکٹر مہیش گوڑ ڈی آئی بھانومتی وومن سب انسپکٹر موجود تھے ۔