نارائن پیٹ عدالت میں کثیر جائیدادیں مخلوعہ

   

کوسگی کورٹ کی عمارت خستہ، ہائی کورٹ جج سی وی بھاسکر ریڈی کو رپورٹ

نارائن پیٹ۔/23 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ جج سی وی بھاسکر ریڈی نے نارائن پیٹ ڈسٹرکٹ کورٹ کامپلکس کا دورہ کیا۔ پرنسپل ڈسٹرکٹ جج مسٹر محمد عبدالرفیع ، ضلع کلکٹر نارائن پیٹ کویا سری ہرشا، ضلع ایس پی یوگیش گوتم، جونیر سیول جج، سینئر سیول جج و دیگر نے استقبال کیا۔ ہائی کورٹ جج سی وی بھاسکر ریڈی نے پہلی مرتبہ نارائن پیٹ ڈسٹرکٹ کورٹ کامپلکس کا دورہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر ڈسٹرکٹ کورٹ کامپلکس کے احاطہ میں موجود سینئر و جونیر سیول ججس کے عدالت، اسٹاف روم، سیکشن روم، لیگل ایڈ ڈیفنس کونسل، آفیسرس چیمبرس اور پبلک پراسکیوٹر کے روم کا معائنہ کیا۔ نارائن پیٹ بار اسوسی ایشن کے صدر مسٹر دامودھر گوڑ ایڈوکیٹ، سینئر ایڈوکیٹ مسٹر ناگوراؤ ناموجی نے بار اسوسی ایشن چیمبر کے زیر اہتمام ہائی کورٹ جج بھاسکر ریڈی کو شال پہنا کر تہنیت پیش کی۔ بعد ازاں ڈسٹرکٹ پرنسپل جج مسٹر محمد عبدالرفیع نے کورٹ ہال میں منعقدہ جوڈیشل آفیسرس کانفرنس میں رپورٹ سنائی۔ اس موقع پر ہائی کورٹ جج نے کہا کہ ضلع کی تمام عدالتوں میں مقدمات کی یکسوئی کیلئے وقتاً فوقتاً جائزہ لیتے رہنا چاہییئے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی مقدمات زیر التواء نہ رہیں۔ مختصر تاریخیں دے کر مقدمات کو جلد حل کرنا چاہیئے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ہائی کورٹ بنچ میں روزانہ 30 مقدمات کو نمٹایا جانا چاہیئے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پرنسپل جج نے ہائی کورٹ جج کو بتایا کہ ضلع دالت میں جملہ 105 جائیدادوں میں صرف 48 لوگ کام کررہے ہیں۔ کوسگی کورٹ کی جونیر سیول جج محترمہ فرحین بیگم نے کہا کہ کوسگی کورٹ میں کوئی قیام کے لئے روم نہیں ہے اور عدالت کی عمارت بھی خستہ حال ہے۔ جواب میں ہائی کورٹ جج بھاسکر ریڈی نے کہا کہ ہائی کورٹ کے جسٹس مورتی نے نئے تقررات کیلئے نوٹیفکیشن کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر سینئر سیول جج سرینواس، جونیر سیول جج مسٹر محمد عمر، جونیر ججس محترمہ ذکیہ سلطانہ اور دیگر موجود تھے۔