نارائن گوڑہ میں عاشق جوڑے کی خود کشی

   

حیدرآباد ۔ 17 جون (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ نارائن گوڑہ میں ایک عاشق جوڑے نے خودکشی کا اقدام کیا۔ تاہم پڑوسیوں کی چوکسی اور بروقت اقدام کے سبب دونوں بچ گئے جن کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں نے اس عاشق جوڑے کی حالت کو مستحکم قرار دیا ہے جس نے نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا تھا۔ پولیس کے مطابق اس عاشق جوڑے میں لڑکی کم عمر بتائی گئی ہے اور لڑکے کے خلاف لڑکی کی شکایت پر پاکسو مقدمہ چل رہا ہے۔ مقدمہ کی زیردریافتی کے دوران خودکشی کی کوشش بے چینی کا سبب بنی ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ لڑکا دمائی گوڑہ سے تعلق رکھتا ہے اور لڑکی چکڑپلی سے تعلق رکھتی ہے۔ دونوں دسویں جماعت تک ایک ساتھ تعلیم حاصل کی ۔ لڑکی اور لڑکے میں دوستی محبت تک پہنچی اور دونوں کے درمیان معشوقہ چل رہا تھا۔ گذشتہ چند ماہ قبل لڑکی اور لڑکے نے ہوٹل کے کمرے میں وقت گذارا تھا۔ لڑکی کے علم میں لائے بغیر لڑکے نے چوری سے کمرے کی منظرکشی کرلی تھی اور دوسرے دن اپنے چند ساتھیوں کو یہ ویڈیو شیئر کیا تھا اور اس ویڈیو کے ذریعہ ایک ساتھی لڑکی کو پریشان کررہا تھا۔ لڑکی نے بلیک میل سے تنگ آکر پولیس میں شکایت کی تھی اور پولیس نے اس سلسلہ میں پاکسو کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور مقدمہ زیردریافت ہے۔ اس دوران گذشتہ روز لڑکی کے مکان میں افراد خاندان کی غیرموجودگی میں دونوں نے نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع