ناسک میں ٹرین میں آتشزدگی ، کوئی جانی نقصان نہیں

   

ممبئی؍ناسک (مہاراشٹرا): ممبئی کے کوکمانیہ تلک سے ناسک پہنچنے والی ممبئی ۔گورکھپور گودان ایکسپریس کی پچھلی پارسل بوگی میں جمعہ کی دوپہر ناسک ریلوے اسٹیشن کے قریب آگ لگ گئی۔ حکام نے بتایا کہ اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ممکنہ تباہی سے بچا گیا۔مقامی عینی شاہدین اور مسافروں نے بتایا کہ گودان ایکسپریس ناسک روڈ ریلوے اسٹیشن سے گورکھپور کے لیے روانہ ہونے کے فوراً بعد، جنرل ڈبے میں موجود کسی شخص اور ٹرین کے گارڈ نے پارسل وین سے دھواں اور شعلے نکلتے ہوئے دیکھے ۔ٹرین کے گارڈ نے فوری طور پر وسکی ٹاکی پرمتعلقہ حکام کو آگاہ کیا،دھیمی رفتار سے چلنے والی ٹرین کو روکا گیا اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی گئی۔آگ کی شدت بہت طاقتور تھی اور تیز ہوائیں چلنے سے دیگر مسافر بوگیوں میں پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا،لیکن حکام نے جلتی ہوئی بوگی کو بجھانے کی کوشش کی۔ اس دوران بہت سے مسافر گھبرا کر اپنے سامان سمیت ٹرین سے کود پڑے اور ریلوے پٹریوں کے پاس انتظار کرنے لگے ۔