غزہ میں صورتحال ہولناک‘عالمی برادری فوری جنگ بندی پر توجہ دے: پرینکا گاندھی
نئی دہلی : کانگریس کی جنرل سیکرٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ غزہ میں صورتحال ہولناک اور شرمناک کے الفاظ سے آگے بڑھ چکی ہے۔سوشل میڈیا پر پرینکا گاندھی نے پیغام میں لکھا کہ غزہ میں 10 ہزار شہریوں کا قتلِ عام ہو چکا جن میں تقریباً 5 ہزار بچے شامل ہیں۔انہوں نے لکھا کہ غزہ میں پناہ گزینوں کے کیمپوں، ہاسپٹلس اور ایمبولینسوں کو بموں سے نشانہ بنایا گیا۔پرینکا گاندھی نے لکھا کہ نام نہاد آزاد دنیا کے قائدین فلسطین میں نسل کشی کی مالی معاونت کررہے ہیں اور حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید لکھا کہ بین الاقوامی برادری کو جنگ بندی جیسا اقدام فوری طور پر کرنا چاہیے۔ جنگ بندی نہ ہوئی تو عالمی برادری کے پاس کوئی اخلاقی جواز نہیں بچے گا۔خیال رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک 3 ہزار 900 بچوں اور 2 ہزار 509 خواتین سمیت شہید فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار 500 سے زائد ہو چکی ہے جب کہ 6 ہزار 360 بچوں اور 4 ہزار 891 خواتین سمیت زخمیوں کی تعداد 24 ہزار 158 سے تجاوز کر چکی ہے۔غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کے خلاف دیگر اپوزیشن جماعتوں نے بھی احتجاج کیا۔