ناندیڑ میں 5 فروری کو کے سی آر کے جلسہ عام کی بڑے پیمانہ پر تیاریاں

   

ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی کا دورہ ، مقامی سیاسی قائدین کی بی آر ایس میں شمولیت
حیدرآباد۔2۔ فروری (سیاست نیوز) مہاراشٹرا کے ناندیڑ میں 5 فروری کو بی آر ایس کے جلسہ عام کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں اور مہاراشٹرا کے کئی اہم قائدین کی چیف منسٹر کے سی آر کی موجودگی میں بی آر ایس میں شمولیت کا امکان ہے۔ حالیہ دنوں میں آندھراپردیش اور اڈیشہ سے تعلق رکھنے والے کئی سرگرم شخصیتوں نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ناندیڑ میں 5 فروری کے جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلہ میں ریاستی وزیر قانون اندرا کرن ریڈی کی قیادت میں عوامی نمائندوں اور بی آر ایس قائدین نے ناندیڑ کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ گورنمنٹ وہپ بی سمن ، رکن اسمبلی جوگو رامنا ، تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کے صدرنشین بالا ملو ، سیول سپلائیز کارپوریشن کے صدرنشین رویندر سنگھ اور دوسروں نے جلسہ گاہ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ناندیڑ سے تعلق رکھنے والے مقامی قائدین نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے اندرا کرن ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے شمولیت کا اعلان کیا۔ مقامی سرپنچ ملیش پٹیل کے ہمراہ 100 سے زائد کارکنوں نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے تلنگانہ میں کے سی آر حکومت کی اسکیمات کو سراہا۔ اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں تلنگانہ کی طرح ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کی مثال نہیں ملتی۔ تلنگانہ کی ترقی کو دیکھ کر دیگر ریاستوں کے عوام اپنی حکومت پر دباؤ بنارہے ہیں۔ اندرا کرن ریڈی نے مختلف منڈلوں کا دورہ کرتے ہوئے 5 فروری کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے عوام سے اپیل کی ، اس موقع پر مدہول کے رکن اسمبلی وٹھل ریڈی ، بی آر ایس قائدین بی راجنا ، رام کشن ریڈی اور شیام سندر موجود تھے۔ر