ناکام بغاوت کے بعد روسی فوجی جنرل کی گرفتاری؟

   

ماسکو : مغربی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی حکام نے گزشتہ ہفتہ واگنر گروپ کی ناکام بغاوت سے تعلق کے شبہے میں روسی فوج کے ایک جنرل کو حراست میں لے لیا ہے۔ اخبار فنانشل ٹائمز اور نیویارک ٹائمز کے مطابق بعض امریکی اور روسی اہلکاروں نے جنرل سرگئی سوروویکن کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ لیکن ماسکو حکومت نے اب تک باضابطہ طور پر اس بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے۔ جنرل سوروویکن کے بارے میں عام تاثر ہے کہ ان کے واگنر ملیشیا کے سربراہ یوگینی پریگوڑن سے اچھے مراسم ہیں۔ جنرل سوروویکن یوکرین میں برسرِ پیکار روسی دستوں کے نائب کمانڈر ہیں جو 24 جون سے منظرِ عام سے غائب ہیں جب واگنر گروپ کے جنگجوؤں نے ماسکو کی جانب پیش قدمی کی تھی۔
ہفتہ کو واگنر کے جنگجوؤں کی نقل و حرکت کے بعد جنرل سوروویکن کا ایک ویڈیو بیان منظرِ عام پر آیا تھا جس میں انہوں نے واگنر گروپ سے اپیل کی تھی کہ وہ روسی فوج کے خلاف اپنے اقدامات روک دیں اور اپنی چھاؤنیوں میں واپس چلے جائیں۔