ناگرکرنول سے سابق ایم پی مندا جگنادھم کا پرچہ نامزدگی مسترد

   

حیدرآباد 26 اپریل ( سیاست نیوز ) سابق رکن پارلیمنٹ ایم جگنادھم کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑآ ہے کیونکہ ناگرکرنول پارلیمانی حلقہ سے بحیثیت بی ایس پی امیدوار ان کا پرچہ نامزدگی مسترد کردیا گیا ہے ۔ عہدیداروں نے آج پرچہ نامزدگیوں کی جانچ پڑتال کی ۔ عہدیداروں نے ان کا پرچہ نامزدگی مسترد کردیا کیونکہ جگنادھم نے خود کو بی ایس پی کا امیدوار قرار دیا لیکن وہ پارٹی کا بی فارم پیش کرنے میں ناکام رہے ۔ یہ بی فارم یوسف نامی کسی اور امیدوار نے پیش کیا ہے ۔ اس کے علاوہ بحیثیت آزاد امیدوار مقابلہ کیلئے دس ووٹرس کا پروپوزل ضروری ہوتا ہے لیکن جگنادھم نے صرف پانچ کا پروپوزل پیش کیا تھا اسی لئے جگنادھم بحیثیت آزاد امیدوار بھی مقابلہ نہیں کرپائیں گے ۔ مندا جگنادھم نے حال ہی میں بی ایس پی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے انتخابات میں مقابلہ کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ جگنادھم وسیع سیاسی تجربہ رکھتے ہیں اور وہ ماضی میں بحیثیت رکن پارلیمنٹ بھی کام کرچکے ہیں ۔