حیدرآباد 15 مارچ ( سیاست نیوز ) بی جے پی کی قومی نائب صدر ڈی کے ارونا نے آج متحدہ محبوب نگر ضلع کے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کے وجئے سنکلپ جلسہ کو کامیاب بنائیں جو ہفتہ کو کلواکرتی روڈ ناگرکرنول میں منعقد ہو رہا ہے ۔ اس جلسہ سے وزیر اعظم نریندر مودی خطاب کرنے والے ہیں۔ بی جے پی لیڈر ڈی کے ارونا نے ناگرکرنول رکن پارلیمنٹ راملو اور بی جے پی لیڈر پی بھارتی پرساد کے ساتھ جلسہ کے مقام کا دورہ کرتے ہوئے وہاں وزیر اعظم کے جلسہ کیلئے جاری تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر انہوں نے پارٹی کیڈر کو ہدایت دی کہ وہ 10.30 بجے دن تک ہی جلسہ میں کثیر تعداد میں پہونچ جائیں۔ انہوں نے پارٹی قائدین پر زور دیا کہ وہ کل بھی انتظامات کا جائزہ لیں اور انتظامات میں کوئی کسر باقی نہ رکھی جائے ۔ جلسہ کو بہر صورت کامیاب بنایا جائے ۔