انتخابی اعلامیہ ہائیکورٹ میں وجیہ ریڈی کی درخواست کی سماعت تک جاری نہیں ہوگا
حیدرآباد۔20اکٹوبر(سیاست نیوز) سابق رکن اسمبلی خیریت آباد ڈی ناگیندر حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں غیر معلنہ طور پر اپنی انتخابی تشہیر کا آغاز کرچکے ہیں حالانکہ الیکشن کمیشن نے ہائی کورٹ میں محترمہ وجیہ ریڈی کی درخواست کی سماعت کے دوران عدالت کو تیقن دیا ہے کہ خیریت آباد کے ضمنی انتخابات کیلئے اعلامیہ کی اجرائی اس وقت تک عمل میں نہیں لائی جائے گی جب تک وجیہ ریڈی کی درخواست پر کوئی قطعی فیصلہ نہیں ہوجاتا۔ڈی ناگیندر جنہیں تلنگانہ ہائی کورٹ نے نااہل قرار دیا تھا اس کے بعد سپریم کورٹ نے بھی ہائی کورٹ کے اس فیصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے اسپیکرکو اس بات کی ہدایت دی تھی کہ وہ حلقہ خیریت آباد کی نشست مخلوعہ ہونے کا اعلامیہ جاری کریں ۔ وجیہ ریڈی نے بتایا کہ وہ 2023 میں انتخابی نتائج کی اجرائی کے ساتھ ہی عدالت سے رجوع ہوکر ڈی ناگیندر کے انتخاب کو چیالنج کرچکی تھیں لیکن بعد ازاں ڈی ناگیندر نے حلقہ پارلیمان سکندرآباد سے کانگریس ٹکٹ پر مقابلہ کیا لیکن وہ اپنے ادعاسے دستبردار نہیں ہوئیں اور ان کی قانونی جدوجہد جاری ہے ۔ وفاداریاں تبدیل کرنے کے معاملہ میں ڈی ناگیندر کو نااہل قرار دیئے جانے کے بعد کہا جا رہا تھا کہ جلد حلقہ خیریت آباد میں ضمنی انتخاب ہوگا لیکن وجیہ ریڈی نے تلنگانہ ہائی کورٹ میں ایک اور درخواست داخل کرکے ان کی انتخابی عذرداری کی سماعت کو مکمل کئے جانے تک ضمنی انتخابات کیلئے اعلامیہ جاری نہ کرنے کی خواہش کی تھیں۔ وجیہ ریڈی کی درخواست کو سماعت کیلئے قبول کئے جانے کے بعد سے حلقہ اسمبلی خیریت آباد کی سیاسی صورتحال تیزی سے تبدیل ہوتی نظر آرہی ہے ۔ ڈی ناگیندر اس نشست پر دعویٰ پیش کرکے عوام کے درمیان پہنچ کر سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں اور عوام سے ملاقاتوں کے ذریعہ بالواسطہ انتخابی تشہیرجاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ محترمہ وجیہ ریڈی عدالت کے فیصلہ پر انحصار کئے ہوئے ہیں۔3/k/b