ناگی ریڈی پیٹ میں سڑک حادثہ، 20افراد زخمی

   

یلاریڈی۔/19 جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے کنا پور موضع کے قریب دو آر ٹی سی بسوں کے درمیان ٹکر کا حادثہ پیش آیا جس میں20 مسافرین زخمی ہوگئے، جنہیں مقامی افراد و پولیس نے مل کر 108 ایمبولنس کے ذریعہ یلاریڈی سرکاری دواخانہ منتقل کیا۔ پولیس کی تفصیلات کے مطابق بودھن ڈپو سے تعلق رکھنے والی ایکسپریس بس حیدرآباد جارہی تھی اسی وقت بانسواڑہ ڈپو کی آر ٹی سی بس یلاریڈی سے میدک جارہی تھی، منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے کنا پور علاقہ کے قریب دو لاریاں مقابل سمت سے آنے پر ایکسپریس بس ڈرائیور نے اپنی رفتار کو کم کیا جس کو محسوس نہ کرتے ہوئے بانسواڑہ ڈپو بس ڈرائیور نے سامنے والی بودھن بس کو پیچھے سے آکر ٹکر دے دی۔ جس پر بانسواڑہ ڈپو کی بس کے 20مسافرین شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ سب انسپکٹر مسٹر موہن نے اپنے عملے کے ساتھ پہنچ کر زخمی مسافرین کو یلاریڈی سرکاری دواخانہ منتقل کیا ۔ زخمیوں میں بوجووا ، گنگارام، سوشیلا، سنگیا، وٹھل، سایووا، لکشمی، سائیلو، سریش، شنکرماں، ڈوگووا، محمد معین، مہر النساء، ایلماں اور دوسرے شامل ہیں۔ بانسواڑہ ڈپوکی آرڈنری بس کنڈکٹر شریمتی وجیا بھی شدید زخمی ہوگئیں۔ اس طرح ایک بڑا حادثہ ہونے سے ٹل گیا۔