نتن یاہو وزارت عظمیٰ کا عہدہ فوری چھوڑ دیں: اپوزیشن لیڈر

   

تل ابیب: اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائیر لپیڈ کی وزیراعظم بنجامن نتن یاہو پر تنقید کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ انہوں نے ایک بار پھر اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نتن یاہو سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔گذشتہ ہفتے کی رات ایران کے غیر مسبوق حملے کے تناظر میں اسرائیلی ڈیٹرنس کو کمزور کرنے کا الزام لگائے جانے کے بعد لپیڈ نے کہا کہ نتن یاہو کو فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے۔لپیڈ کے بیانات 7 اکتوبر کو حماس کے غزہ کے حملے کو روکنے میں ناکامی پر انٹلیجنس چیف کے استعفے کے بعد سامنے آئے ہیں۔ حماس کے اس حملے میں 1200 اسرائیلی ہلاک اور 240 کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔گذشتہ ہفتے اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائر لپیڈ نے ہفتے کی رات ایران کے حملے کے بعد وزیراعظم بنجمن نتن یاہو کی حکومت پر ’’اسرائیلی ڈیٹرنس‘‘کو کمزور کرنے کا الزام لگایا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ نتن یاہو 2022ء کے آخر میں انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کی سربراہی میں اقتدار میں واپس آئے۔ انہوں نے اسرائیل میں قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کیا۔