نتیش کمار کا چراغ پاسوان پر تنقیدوں سے گریز

   

الاؤلی ؍ تیغرا(بہار) : چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج اسمبلی الیکشن کی انتخابی مہم کے سلسلے میں دو ریالیوں سے خطاب کیا، جن میں سے ایک بانی ایل جے پی رام ولاس پاسوان کے آبائی اسمبلی حلقہ الاؤلی میں منعقد کی گئی، تاہم انہوں نے ایل جے پی کے موجودہ صدر چراغ پاسوان یا ان کی پارٹی کے خلاف لب کشائی سے گریز کیا حالانکہ پاسوان چیف منسٹر پر وقفہ وقفہ سے تنقیدیں کرتے رہتے ہیں۔ بہار میں برسراقتدار این ڈی اے سے اپنی پارٹی کو علیحدہ کرلینے کے بعد سے چراغ نے انتخابی جلسوں میں لگ بھگ روزانہ چیف منسٹر کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے سوشیل میڈیا پر بھی نتیش کمار کو نہیں بخشا لیکن جنتا دل (یو) کے سربراہ نے اس پر کوئی بھی ردعمل کے اظہار سے گریز کیا۔ چناؤ میں اس مرتبہ الاؤلی کے لئے جے ڈی یو ، آر جے ڈی اور ایل جے پی کے درمیان مسابقت ہے۔ ووٹنگ کا پہلا مرحلہ 28 اکتوبر کو مقرر ہے۔