نرسمہا رائو جینتی میں ہنمنت رائو کی تقریر پر ہنگامہ

   

اعلی طبقات کی برتری پر تنقید، کمزور طبقات کو موقع دینے کا مطالبہ
حیدرآباد۔ سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا رائو کی جینتی صدی تقاریب کے موقع پر کمزور طبقات کو پارٹی میں نظرانداز کرنے کی شکایت کرتے ہوئے سابق رکن راجیہ سبھا ہنمنت رائو نے قائدین کے لیے لمحہ فکر پیدا کردیا۔ ہنمنت رائو جو صدرپردیش کانگریس کے عہدے پر کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے قائد کے حق میں ہائی کمان سے نمائندگی کررہے ہیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دوبارہ اس مسئلہ کو چھیڑدیا۔ انہوں نے کہا کہ کمزور طبقات کے ووٹ پر اعلی طبقات کی حکومت ٹھیک نہیں ہے۔ پارٹی اور اقتدار میں ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتوں کو مناسب حصہ داری ملنی چاہئے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا رائو ہمیشہ کمزور طبقات کی ترقی کے حق میں رہے۔ 1972ء میں انہوں نے کئی کمزور طبقات کے نمائندوں کو ٹکٹ دیا اور وہ اسمبلی اور پارلیمنٹ کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ غریبوں کی بھلائی کے لیے وہ ہمیشہ فکرمند رہے۔ اراضی اصلاحات کے ذریعہ بے زمین غریبوں میں اراضی تقسیم کی گئی۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ نرسمہا رائو کے افراد خاندان نے تقریب میں شرکت سے گریز کیا ہے تاہم وہ نرسمہا رائو کے بھائی پی وی منوہر رائو کی شرکت پر اظہار تشکر کرتے ہیں۔ اعلی طبقات کو نشانہ بنانے پر انہیں تقریر سے روکنے کی کوشش کی گئی جس پر ہنمنت رائو برہم ہوگئے اور کہا کہ کیا نرسمہا رائو کی خصوصیات بیان کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے بالواسطہ طور پر پارٹی میں اعلی طبقات کی برتری کو نشانہ بنایا اور کہا کہ کمزور طبقات کو موقع دیا جانا چاہئے۔