نریندر مودی جمہوریت کے قاتل : عآپ

   

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے وزیر اعظم نریندر مودی پر جمہوریت کا قتل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایک ایک کرکے تمام اپوزیشن حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے اوران کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو جیل میں ڈالا جارہا ہے ۔اے اے پی لیڈر اور دہلی کے کابینہ وزیر گوپال رائے نے اتوار کو یہاں منعقدہ انڈیا گروپ کی مہاریلی میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا واحد مقصد اپوزیشن کو ختم کرکے جمہوریت کو تباہ کرنا ہے ۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)، سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے زور پر شمال سے جنوب اور مشرق سے مغرب تک جمہوریت کا خون بہایا جا رہا ہے ۔ اپوزیشن کی تمام حکومتوں کوغیر مستحکم کیاجارہا ہے ۔گوپال رائے نے کہا کہ انڈیا گروپ جمہوریت کا قتل کرنے والوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے ۔ انڈیا گروپ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) کے متبادل کے طور پر تیار ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک نئی تاریخ رقم کرنے کے لیے آپ سے قربانی مانگ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج بھی ملک ‘کرو یا مرو’ کے دہانے پر کھڑا ہے ۔ اگلے دو ماہ جمہوریت بچانے کا وقت ہے ۔ اگر ہم آج خاموش رہے تو آنے والی نسلیں ہم سے اس کا حساب مانگیں گی۔ اس آمریت کا واحد حل زیادہ سے زیادہ ووٹ دینا ہے ۔اے اے پی لیڈر نے اپیل کی کہ اس بار تاریخی ووٹنگ کے ساتھ ڈکٹیٹر کو شکست دیں گے ۔