نریندر مودی وزیراعظم کے بجائے سیلزمین کی طرح کام کررہے ہیں

   

ملک کے جلیل القدر عہدے کیلئے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یشونت سنہا کو ضمیر کی آواز پر ووٹ دینے کی اپیل کی

حیدرآباد ۔ 2 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے ملک کے تمام عوامی منتخب نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ صدارتی انتخابات میں اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یشونت سنہا کو ضمیر کی آواز پر ووٹ دیں۔ مرکزی حکومت کی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی وزیراعظم کے بجائے سیلزمین کی طرح کام کررہے ہیں۔ انتخابی مہم کے طور پر حیدرآباد پہنچنے والے یشونت سنہا کا چیف منسٹر نے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچ کر خیرمقدم کیا۔ انہیں بائیک ریالی میں جل وہار پہنچایا گیا جہاں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ یشونت ایک اچھے ایماندار شخصیت ہے۔ بحیثیت وکیل اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے یشونت سنہا مختلف عہدوں پر ملک کی خدمات انجام دی ہے۔ مرکزی وزیرفینانس کی حیثیت سے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہے۔ انہیں تمام شعبوں میں خدمات انجام دینے کا تجربہ حاصل ہے۔ ملک کے جلیل القدر عہدہ کیلئے جب انتخاب ہورہا ہے تو اس عہدہ کا وقار اونچا کرنے والے شخص کا انتخاب کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ملک میں بہت بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم آج حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔ وہ دو دن تک حیدرآباد میں قیام کریں گے اور اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے ملک کی ترقی، غربت کا خاتمہ کسانوں اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کی کوئی بات کرنے کا انہیں مشورہ دیا اور کہا کہ مرکزی حکومت عوام دشمن پالیسیوں پر عمل کررہی ہے۔ کسان، نوجوان، بیروزگار نوجوان انہیں دہشت گرد نظر آرہے ہیں۔ مودی اپنے علاوہ کسی کو عقلمند نہیں سمجھتے۔ وزیراعظم حیدرآباد پہنچ کر جھوٹی تقریر کرنے کے بجائے ہم جو سوالات کررہے ہیں اس کے جوابات دیں۔ ایندھن کی قیمتوں کے ساتھ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔ پہلے کسانوں کے اب نوجوانوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ ملک کے عوام سے کئے گئے ایک بھی وعدے کو پورا کرنے میں نریندر مودی ناکام ہوگئے۔ مودی وزیراعظم کے بجائے سیلزمین کی طرح کام کررہے ہیں۔ مودی کی طرز کارکردگی پر سری لنکا کے عوام بھی ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں۔ وزیراعظم اس پر ردعمل کا اظہار کریں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ مجھے یقین صدارتی انتخابات میں کامیاب ہوجائیں گے۔ن