نشہ ترک کرکے اچھی زندگی گذارنے پر دوستوں کی ہراسانی

   

بے رحمی سے زدوکوبی ، متاثرہ نوجوان کو دھمکیاں
حیدرآباد /7 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) نشہ اور نشیلی اشیاء کو ترک کرنے کیلئے یہاں ایک طرف مہم جاری ہے اور پولیس سخت اقدامات کر رہی ہے ۔ وہیں شہر حیدرآباد میں ایک ایسا چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں نشہ ترک کرنے پر ایک نوجوان کو زدوکوب کیا گیا ۔ نشہ کو ترک کرتے ہوئے ذمہ دار شہری کی طرف زندگی بسر کرنے والے نوجوان کا اغواء کیا گیا اور تقریباً 6 گھنٹوں تک رسی سے باندھ کر اسے شدید زدوکوب کیا گیا ۔ نشہ اور نشیلی اشیاء کے خلاف جاری پولیس کی اس مہم میں یہ واقعہ ایک زبردست چیالنج بن گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 18 سالہ عرفان جو سن سٹی علاقہ کا ساکن ہے ۔ پیشہ سے ٹیکسی ڈرائیور بتایا گیا ہے ۔ عرفان کو اس علاقہ کے چند نوجوانوں سے دوستی تھی ۔ جو کبھی ان کے ساتھ گانجہ اور دیگر اشیاء سے نشہ کرتا تھا ۔ گھر میں بڑوں کی نصیحت اور صحت کا خیال رکھتے ہوئے عرفان نے نشہ کو ترک کردیا اور اپنے ساتھیوں سے ملاقات بھی بند کردی اور ٹیکسی چلاتے ہوئے زندگی بسر کر رہا تھا کہ عرفان کو لنگر حوض کے علاقہ میں دونوں نے مبینہ طور پر اس کا اغواء کیا اور حمایت ساگر کے علاقہ میں لے گئے جہاں پہلے سے 15 افراد موجود تھے ۔ عرفان نے میڈیا کو بتایا کہ اس پر اس سے قبل بھی حملہ کیا گیا تھا اور اس نے راجندر نگر پولیس میں شکایت درج کروائی تھی لیکن پولیس کی جانب سے موثر کارروائی نہ ہونا ان غیر سماجی عناصر کے حوصلوں کو بلند کرنے کا سبب بن گیا ۔ عرفان کے بھائی نے بتایا کہ ان افراد کی دوستی ترک کرنا اور پرسکون زندگی بسر کرنا ان افراد سے دیکھا نہیں جارہا ہے اور وہ مکان تک پہونچ گئے ہیں اور عرفان کو دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔ عرفان کے جسم پر خون کے دھبے اور شدید زخموں کے نشان پائے جاتے ہیں جس کو بڑی بے رحمی سے پیٹا گیا ۔ پولیس راجندر نگر کو چاہئے کہ وہ اس واقعہ کا سخت نوٹ لے اور ماضی کی طرح معاملہ پر لاپرواہی نہ کریں جس کے سبب سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں ۔ عرفان کے بھائی اور عرفان نے اپنی جان کو ان غیر سماجی عناصر سے خطرہ لاحق قرار دیا انصاف کا مطالبہ کیا ۔ ع