نشیبی علاقوں کے تخلیہ کیلئے تیار رہیں

   

عہدیداروں اور عوام سے کلکٹر کی خواہش، بارش میں چوکسی ضروری
محبوب نگر: مسلسل بارش کے دوران عوام مکمل چوکس رہیں۔ یہ ہدایت ضلع کلکٹر وینکٹ رائو نے آج دوپہر منڈل سطح کے عہدیداروں کو ویڈیو کانفرنس میں دی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین چار دن سے مسلسل بارش ہے۔ ضلع کے عوام کو بارش کے نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے عہدیدار مستعد اور چوکس ہیں۔ بالخصوص نشیبی علاقوں کے عوام کا تخلیہ کرنے کیلئے تیار رہیں۔ دیہاتوں میں انجینئرنگ عہدیدار بھی چوکس رہیں۔ تالابوں اور کنٹوں پر نظر رکھیں۔ ضروری اقدامات کریں، برقی کھمبوں کا وقفہ وقفہ سے معائنہ کرتے رہیں۔ مخدوش اور خستہ مکانات سے عوام کا تخلیہ کرواکر انہیں اسکولس یا دیگر محفوظ عمارتوں میں منتقل کریں۔ اس کی ذمہ داری متعلقہ تحصیلدار اور ایم پی ڈی اوز پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی موسمی امراض سے حفاظت کیلئے میڈیکل ٹیم متحرک رہے اور تمام پرائمری ہیلتھ سنٹرس میں 24 گھنٹے ڈاکٹرز موجود رہیں۔ بارش کے مسائل سے نمٹنے کیلئے سینئر عہدیدار ہی انچارج رہیں گے جیسا کہ دیہاتوں کیلئے لوکل باڈیز ایڈیشنل کلکٹر تیجس نندلال پوار اور جڑچرلہ تا اڈاکل کے دیہاتوں کے لیے ایڈیشنل کلکٹر ستیاراما رائو انچارج رہیں گے۔ ویڈیو کانفرنس میں ڈی آر او سورنا لتا، آر ڈی او پدماشری، مشن بھگیرتا کے ایس ای وینکٹ راما سوامی و دیگر موجود تھے۔ ضلع کلکٹر نے بتایا کہ بارش کے نقصانات اور مسائل کے مدد کیلئے کلکٹریٹ مںی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ عوام فون08542-241165 پر شکایت دج کرواسکتے ہیں۔